اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ مقامی وسائل سے استفادہ اور برآمدی منڈی کو وسعت دے کر معاشی مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کی جانب سے منعقدہ جاب فیئر، اوپن ہائوس ایونٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وزیر تجارت نے طالب علموں کی اختراعی کوششوں کی تعریف کی جن میں پاکستان کو درپیش اہم مسائل کو اجاگر کیا گیا۔تقریب میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے وزیر خالد مقبول صدیقی نے بھی شرکت کی۔ ریکٹر نیوٹیک لیفٹیننٹ جنرل (ر) معظم اعجاز، ایچ آئی (ایم) نے دونوں وزراء کا پرتپاک استقبال کیا۔انہوں نے طلباء کی لگن اور اختراعی جذبے کو سراہتے ہوئے ڈسپلے کا دورہ کیا۔ اس سے قبل 2 جولائی 2024 ء کو نیوٹیک نے ایک متحرک جاب فیئر کا انعقاد کیا جس میں ممتاز قومی اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کو راغب کیا گیا۔خالد مقبول صدیقی نے نیوٹیک کی جدید تحقیق اور پاکستان کی تکنیکی اور اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے میں اس کے اہم کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے جدت طرازی میں نیوٹیک جیسے اداروں کی اہمیت پر زور دیا۔