اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):وزیرداخلہ محسن نقوی سے پاکستان میں تعینات اطالوی سفیر میریلینا ارملین نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اٹلی کا حالیہ دورہ انتہائی کامیاب اور موثر رہا۔اطالوی وزیر داخلہ سے ملاقات میں غیر قانونی انسانی سمگلنگ کے خلاف مل کر کام کرنے پر اتفاق ہوا، اس ضمن میں اطالوی وزارت داخلہ کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔وفد پاکستانی حکام سے ملاقات اور بارڈر کا دورہ کرے گا۔انہوں نے کہا کہ انسداد منشیات اور انسانی سمگلنگ کو روکنے کےلئے دونوں ممالک کو باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہو گا،انسانی سمگلنگ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، اس کے تدارک کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، اگر ہم انسانی سمگلنگ کو بارڈر پر روکنے میں کامیاب ہوتے ہیں تو یہ دونوں ممالک کے لئے سود مند ثابت ہو گا، ہنر مند افرادی قوت کی منتقلی سے بھی انسانی سمگلنگ کی حوصلہ شکنی ہو گی۔ محسن نقوی نے کہا کہ اٹلی مختلف شعبوں میں پاکستان کے ہنر مند افراد کی خدمات سے فائدہ اٹھا سکتا ہےاس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ نے اطالوی سفیر کو اپنے اطالوی ہم منصب کے دورہ پاکستان کا باقاعدہ دعوت نامہ بھی پیش کیا۔اطالوی سفیر نے مختلف شعبوں میں تعاون پر وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔کمانڈنٹ ایف سی معظم جاہ انصاری، آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی ، وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام کی ملاقات میں شریک تھے۔