مکہ مکرمہ (نیٹ نیوز) وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی مفتی عبد الشکور نے کہا ہے کہ حکومت نے وفاقی کابینہ کی طرف سے حاجیوں کیلئے اعلان کردہ سبسڈی کی رقم وزارت مذہبی امور کو فراہم کردی ہے، حاجیوں کی وطن واپسی پر یہ رقم ان کے اکاﺅنٹس میں منتقل کر دی جائے گی۔ اتوار کو وہ یہاں پاکستان حج مشن مکہ مکرمہ میں ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزارت مذہبی امور کے سینئر جوائنٹ سیکرٹری عالمگیر احمد خان ، ڈی جی حج ابرار مرزا، ڈائریکٹر حج مکہ ساجد منظور اسدی ، ڈائریکٹر ایف اینڈ سی سید مشاہد حسین سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔
وزیر مذہبی امور کو حج انتظامات کے حوالے سے ڈائریکٹر جنرل حج ابرار احمد مرزا اور ڈائریکٹر حج مکہ ساجد منظور اسدی نے منی، مزدلفہ اور عرفات میں حج انتظامات سمیت پاکستانی عازمین حج کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں رہائش، کھانے پینے اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیر مذہبی امور نے حج مشن مکہ کے انتظامات کو قابل ستائش قرار دیا اور کہا کہ ہم نے سب کو پہلے ہی بتا دیا تھا کہ حاجیوں کی خدمت اور حج انتظامات کے حوالے سے کسی سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حاجی اللہ کے مہمان ہیں ان کی خدمت ہی ہمارے لئے نجات کا باعث بنے گی۔