آستانہ۔(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس اور ایس ای او پلس سمٹ میں فلسطین کے صورتحال کے حوالے سے واضح اور دو ٹوک موقف اختیار کیا ہے اور عالمی برادری پر اسرائیلی کو جوابدہ بنانے اور انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے پر زور دیا ہے۔جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے خطاب میں غزہ کا مقدمہ بھرپور طریقے سے لڑا اور انہوں نے عالمی برادری پر اسرائیلی کو جوابدہ بنانے اور انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے پر زور دیا ہے وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی میں ملوث ہے ، عالمی عدالتی انصاف بھی اسرائیل کی بہیمانہ کارروائیوں کو فلسطینیوں کی نسل کشی قرار دے چکی ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے اور جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے ، عالمی برادری غزہ میں فوری جنگ بندی اور انسانی امداد کی رسائی کے لئے اپنی کوششیں تیز تر کرے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا موقف ہے کہ تمام تر دیرینہ تنازعات کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہئے ۔وزیراعظم نے کہا کہ فلسطین میں 37 ہزار کے قریب معصوم لوگوں کو شہید کیا جا چکا ہے جن میں زیادہ تعداد عورتوں اور بچوں کی ہے ، اسرائیل کی جانب سے 20 لاکھ فلسطینیوں کو بے گھر کیا گیا ، پاکستان فلسطین کے مسئلے کا 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی طرز پر دو ریاستی حل کا حامی ہے جس کے تحت فلسطینی ریاست کا قیام ہو اور جس کا دارالحکومت القدس ہو ۔