آستانہ(نمائندہ خصوصی ):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ڈمہ ڈولہ، باجوڑ میں دھماکہ میں سابق سینٹر ہدایت اللہ سمیت تین افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کے ذمہ داران کی جلد نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلانے کی ہدایت کی ہے۔بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، دہشت گرد عناصر ملک کے امن و امان اور جمہوریت کے دشمن ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، دہشت گردی کی عفریت کا ملک سے خاتمہ کرکے دم لیں گے۔ وزیراعظم نے جاں بحق افراد کی مغفرت اور ان کے اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔