آستانہ(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ازبکستان کے صدر نے دونوں ممالک کے درمیان کثیر جہتی تعلقات ، تجارت، روابط، دفاع، سلامتی، ثقافت ،عوام کی سطح پر رابطوں اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے یقین ظاہر کیا ہے کہ ترجیحی تجارتی معاہدے اور پاکستان ازبکستان ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ کو عملی جامہ پہنانے سے دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف اور ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوئیف کے درمیان قازقستان میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون
تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی۔وزیراعظم اور ازبکستان کے صدر نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان کثیر جہتی تعلقات ، تجارت، روابط، دفاع، سلامتی، ثقافت اور عوام سے عوام کے رابطوں میں باہمی فائدہ مند تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ ازبکستان خطے کے ممالک کے لئے تجارت کی توسیع کے حوالے سے ایک ٹرانزٹ پوائنٹ ہے ۔دونوں رہنماؤں نے اس حوالے دستیاب مختلف آپشنز کی جانچ شروع کرنے پر اتفاق کیا۔ علاوہ ازیں دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو بڑھانے کے لئے کراچی پورٹ کو ترمز سے منسلک کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک خوشحال وسطی ایشیا اور بڑھے ہوئے علاقائی روابط کے لئے پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ترجیحی تجارتی معاہدے اور پاکستان ازبکستان ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ کو عملی جامہ پہنانے سے دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔دونوں رہنماؤں نے افغانستان جو خطے کی ترقی و خوشحالی میں شراکت دار ہو سکتا ہے، کی صورتحال اور پرامن اور مستحکم افغانستان کے لئے پاکستان اور ازبکستان دونوں کے مشترکہ عزم پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ازبکستان-افغانستان-پاکستان ریلوے منصوبے کی جلد تکمیل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔