لاہور(نمائندہ خصوصی )چیئرمین ریلوے مظہر علی شاہ نے ریلوے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ مالی سال 25-2024 میں دو نئی ٹرینوں کو گرین لائن کی طرز پر اپ گریڈ کیا جائے اور تمام ٹرینوں میں مسافروں کیلیے سہولیات میں اضافہ کیا جائے۔ وہ بدھ کو ریلوے ہیڈکوارٹرز لاہور میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔مظہر علی شاہ نے کہا کہ پاکستان ریلویز نے مالی معاملات میں شفافیت کیلیے سیپ سسٹم کا نفاذ کیا ہے۔ ادارے میں مزید بہتری لانے کیلیے تمام افسران کو نئی ٹیکنالوجی کے ساتھ ہم آہنگ ہونا پڑے گا۔ اجلاس میں ریلوے کے پروکیورمنٹ پلان اور ریپیئر اینڈ مینٹیننس پلان کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔چیئرمین ریلوے نے مسافروں کی حفاظت کیلیے تمام ٹرینوں کی تمام بوگیوں میں ہر وقت آگ بجھانے والے آلات کی موجودگی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹرینوں میں استعمال ہونے والی ہر چیز معیاری اور پائیدار ہونی چاہیے۔ چیئرمین ریلوے نے پیریاڈک اوورہالنگ کے حوالے سے سٹینڈرڈ پالیسی وضع کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ کوچز کی مرمت اور بحالی کی مؤثر نگرانی کی جائے۔مظہر علی شاہ نے کوہاٹ تھل پاراچنار خرلاچی منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے کنسلٹنٹ فرم کو چار ماہ میں پراجیکٹ کا فنانشل ماڈل اور پلان آف ایکشن پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔بعد ازاں چیئرمین ریلوے نے کیرج شاپ مغلپورہ کا دورہ کیا اور وہاں کوچز کی تیاری کے عمل کا معائنہ کیا۔ چیئرمین ریلوے نے حکام کو ہدایت کی کہ سیفٹی پر کوئی کمپرومائز نہ کیا جائے اور کوچز میں سہولیات کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے۔