ژوب /کوئٹہ( نمائندہ خصوصی/ نیٹ نیوز) بلوچستان کے شہر ژوب کی تحصیل شیرانی کے علاقے دانہ سر میں واقع پہاڑی سلسلے کے قریب مسافر کوچ کھائی میں گرنے سے 19 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوگئے جن میں بعض کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ کاخدشہ ہے ۔اسسٹنٹ کمشنر شیرانی محتاب شاہ کے مطابق حادثہ اتوار کی صبح تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، بس اسلام آباد سے کوئٹہ آرہی تھی جس میں 30 سے زائد مسافر سوار تھے۔سول ہسپتال ژوب کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر نور الحق نے بتایا کہ ہسپتال میں لائے گئے زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ہے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں جہاں سے جاں بحق افراد کی لاشیں سول ہسپتال ژوب اور سول ہسپتال مغل کوٹ منتقل کی گئیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق یہ حادثہ بھی پھلسن کی وجہ سے پیش آیا ، ڈرائیور نے موڑ کاٹتے ہوئے بریک لگائی تو گاڑی بس پھسلن کے سبب سے گہری کھائی میں جاگری تھی۔حادثے کے مقام سے منظر عام پر آنے والی ویڈیوز اور تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بس سڑک سے کافی گہرائی میں ایک کھائی میں جاگری جس کی وجہ سے اموات کی تعداد زیادہ ہوئی۔امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے ایک ریسکیو اہلکار کے مطابق بس کافی بلندی سے نیچے گری تھی اور حادثہ جس وقت پیش آیا اس وقت کسی حد تک اندھیرا تھا جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو بھی جائے مقام پر پہنچنے میں مشکلات پیش آئی تھیں۔ریسکیو اہلکار کے مطابق زخمیوں اور لاشوں کو سڑک تک پہنچانے کا آپریشن کوئی پانچ گھنٹے تک جاری رہا تھا۔
واضح رہے کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے سرحدی علاقے میں بارشوں کی وجہ سے دریاوں اور ندی نالوں میں طغیانی بھی آئی ہوئی ہے۔سپر سدا پہار کمپنی کے مطابق بس میں سوار اکثریت طالب علموں اور افغان شہریوں کی تھی،طالب علم تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کے سبب اپنے آبائی علاقوں کو جارہے تھے جبکہ افغان شہری واپس افغانستان جارہے تھے۔ دونوں ڈرائیورز اور کنڈکٹرز کا تعلق صوبہ بلوچستان کے ضلع لورالائی سے ہے۔ژوب سول ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر نور الحق کے مطابق ان کے پاس کم از کم 11 زخمی افراد لائے گئے ہیں جن میں سے کچھ کی حالت نازک ہے۔دوسری جانب وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے دانہ سر ژوب کے قریب مسافر کوچ حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔اس ضمن میں جاری ایک بیان کے مطابق وزیراعلیٰ نے ژوب انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کو جائے حادثہ پر بھرپور امدادی سرگرمیوں کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ ژوب ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر کے زخمیوں کا علاج اور دیکھ بھال یقینی بنائی جائے۔انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے حادثے میں جاں بحق افراد کے لیے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔اس سے قبل گزشتہ ماہ بھی ژوب میں قومی شاہراہ پر قلعہ سیف اللہ کے قریب مسافر بس سیکڑوں فٹ گہری کھائی میں گر نے سے 22 افراد جاں بحق اور ایک بچہ زخمی ہوگیا تھا۔