اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری اور زیر التواء مقدمات کو پاکستان کا داخلی معاملہ قرار دیا ہے۔اقوام متحدہ کے ورکنگ گروپ کی رپورٹ پر اپنے ردعمل میں وفاقی وزیر نے کہا کہ خودمختار ریاست کے طور پر پاکستان میں عدالتوں کے ذریعے آئین اور مروجہ قوانین پر عمل ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو ملکی آئین و قانون اور عالمی اصولوں کے مطابق تمام حقوق حاصل ہیں اور وہ ایک سزا یافتہ قیدی کے طور جیل میں ہیں۔وزیر قانون نے مزید کہا کہ کئی مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کو ریلیف ملنا ،منصفانہ ٹرائل اور شفاف عدالتی نظام کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین، قانون اور عالمی اصولوں سے ماورا ءکوئی بھی مطالبہ امتیازی، جانبدارانہ اور عدل کے منافی کہلائے گا۔