اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت نے 2023 میں پرائم منسٹر یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے دوران مقدّس فاطمہ کو ہراساں کرنے کے واقعے میں ملوث مبشر مختار کو مجرم قرار دیتے ہوئے 3 سال کے لیے انکریمنٹ روکنے اور ایک لاکھ روپے کےجرمانے کی سزا سنا دی ہے۔منگل کو وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ شکایت 2023 میں منعقدہ پرائم منسٹر یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے دوران پیش آنے والے ہراساں کرنے کے واقعے سے متعلق ہے۔ ملزم مبشر مختار نے جو کہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے آرگنائزنگ سیکریٹری تھے، نے شکایت کنندہ مقدّس فاطمہ کے ساتھ بدتمیزی کی تھی۔ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے دوران مذکورہ ملزم کی جانب سے شکایت کنندہ کو دھکیلنے اور اس سے میچ شیٹ چھیننے اور پھاڑنےکے بعد شکایت کنندہ نے ریلیف کے لیے ہراساں کرنے کے خلاف تحفظ کے لیے وفاقی محتسب سیکرٹریٹ سے رجوع کیا۔ ملزم کا طرز عمل شکایت کنندہ کے لیے توہین آمیز اور ذلت آمیز پایا گیا۔ فوسپا نے اسے شکایت کنندہ کو ہراساں کرنے کا مجرم قرار دیا اور اس پر 3 سال کے لیے انکریمنٹ روکنے اور ایک لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا۔