اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):قومی کمیشن برائے وقار نسواں (این سی ایس ڈبلیو) کی "دی آرٹ آف پیرنٹنگ” اقدام پر سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس چیئرپرسن نیلوفر بختیار کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اس پروگرام کا مقصد والدین اور دیکھ بھال کرنے والوں کو بااختیار بنانا ہے اور بچے کی نشوونما و دیکھ بھال کے بارے میں رہنمائی فراہم کرنا ہے۔منگل کو این سی ایس ڈبلیو کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اجلاس میں گائیڈ بک، "آغوش” اور "پرورش” کی تیاری پر توجہ مرکوز کی گئی جس میں پیدائش سے لے کر 19 سال کی عمر تک بچوں کی نشوونما کے ضروری پہلوئوں کا احاطہ کیا جائے گا۔ چیئرپرسن نیلوفر بختیار نے گائیڈبک کو فوری طور پر بہتر کرنے اور شائع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔سٹیئرنگ کمیٹی کے اراکین نے مختلف طور پر معذور، ٹرانس جینڈر بچوں کی نشوونما اور جنسی استحصال سے بحالی کے بارے میں تازہ ترین معلومات کی شمولیت کا جائزہ لیا۔شرکاء نے گائیڈ بک کے اجراء کے منصوبے کا جائزہ لیا اور 9 جولائی کو حتمی لانچ کے لیے شراکت داروں کو پالیسی اور ٹاسک مختص کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ این سی ایس ڈبلیو کا یہ اقدام پاکستان میں بچوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔