کراچی(نمائندہ خصوصی ):وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے روسی سبربینک کے بین الاقوامی سربراہ ٹیمور کوزن سیو کی قیادت میں وفد سے ملاقات کی جس دوران تعلیم، صحت اور ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے سیکرٹری سرمایہ کاری راجہ خرم کو سرمایہ کاری کے مواقعوں پر بات چیت کرنے اور صوبے کے تعلیمی اور صحت کے اداروں کو اسبر بینک کے ساتھ تعاون کرنے کے حوالے سے بطور فوکل پرسن نامزد کیا۔اجلاس میں سبر بینک کے نائب تجارتی نمائندے نیوزورو ڈینس، کراچی میں روس کے کونسل جنرل فیڈرو اینڈری اور دیگر نے شرکت کی جبکہ وزیراعلیٰ سندھ کی معاونت سینئر وزیر اطلاعات شرجیل میمن، سیکرٹری سکول ایجوکیشن زاہد عباسی، سیکرٹری وزیراعلیٰ سندھ رحیم شیخ، سیکرٹری بلدیات خالد حیدر شاہ، سیکرٹری سرمایہ کاری راجہ خرم اور سیکرٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن نے کی۔سبربینک انٹرنیشنل کے سربراہ ٹیمور کوزن سیو نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ بینک کاروبار، صحت ، تعلیم، سائنس،نظمیات عامہ، زراعت، سیارہ اور مستقبل میں سرمایہ کاری کرتی آرہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ چین، جنوب مشرقی ایشیائی ممالک ایران اور دیگر ممالک میں کام کر رہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اسبربینک کے لیے سکول ایجوکیشن میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بینک ایجوکیشن ٹیکنالوجی (ایڈ ٹیک) سٹارٹ اپس میں سرمایہ کاری کرکے سندھ میں تعلیمی جدت لاسکتی ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ ریفارم سپورٹ یونٹ کے تعاون سے آن لائن لرننگ، ڈیجیٹل نصابی کتب و ایجوکیشنل مینجمنٹ سسٹم کے لیے مالیاتی پلیٹ فارم فراہم کیا جاسکتاہے۔ وزیراعلیٰ نے تعلیمی اداروں کے ساتھ بینک کی شراکت داری کی بھی تجویز دی۔سبربینک سندھ میں نجی سکولوں یا یونیورسٹیوں کے ساتھ شراکت داری کر سکتا ہے تاکہ روس میں زیر تعلیم طلبا کو تعلیمی اخراجات پورا کرنے کے لیے قرضےیا دیگر مالیاتی مصنوعات فراہم کی جاسکیں۔مراد علی شاہ نے سندھ میں انفراسٹرکچر کی ترقی کے حوالے سے اسبر بینک کی سرمایہ کاری پر بھی بات چیت کی۔بینک سندھ میں تعلیمی اداروں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے حوالے سے گرانٹ بڑھا سکتا ہے یعنی کارپوریٹ سوشل ریسپانسیبلیٹی کے تحت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں نئے سکولوں کی تعمیر یا موجودہ سکولوں کی تزئین و آرائش کرسکتی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ اور اسبر بینک کے ٹیمور نے صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری پر بھی تبادلہ خیال کیا جسے ڈاکٹرس اسمارٹ اسسٹنٹ کے نام سے جانا جاتا ہے جس سے مصنوعی ذہانت کی بنیاد پر فیصلے کرنے میں مددملتی ہے۔بینک کے سربراہ نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ ڈاکٹرسمارٹ اسسٹنٹ کو آؤٹ پیشنٹ کلینیکل لنک کی بنیاد پر ابتدائی مشاورت کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہ ابتدائی تشخیص میں مدد فراہم کرتا ہے، تشخیص کے عمل کو بہتر بناتا ہے اور اس کے معیار میں بہتری لاتاہے اور صحت کے حوالے سے اعلیٰ معیار فراہم کرتاہے جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سرمایہ کاری کا محکمہ جے پی ایم سی، این آئی سی ڈی اور این آئی سی ایچ کے سربراہان کے ساتھ بینک کی میٹنگ طے کرے گا تاکہ پہلے مرحلے میں مجوزہ سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا جاسکے۔روسی اسبربینک کے بین الاقوامی سربراہ ٹیمور کوزن سیو نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وہ اپنی ایک ٹیم متعین کریں گے جو تین یونیورسٹیوں کے سربراہان یعنی این ای ڈی، مہران یونیورسٹی جامشورو اور آئی بی اے سکھر سے ملاقاتیں کریں گے تاکہ ایجوکیشن ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔وزیراعلیٰ سندھ نے سیکرٹری سکول ایجوکیشن زاہد عباسی کو بھی ہدایت کی کہ وہ بینک کی طرف سے نامزد ٹیم کے ساتھ اجلاس منعقد کریں تاکہ سیکرٹری سطح پر سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کرنے کے بعد ان کی جانب سے حتمی منظوری دی جاسکے۔مراد علی شاہ نے دورے پر آئے ہوئے بینک وفد سے اسٹیل مل کی بحالی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیل مل کا قیام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے دورِ حکومت میں روس کے تعاون سے ممکن ہوا تھا جوکہ وفاقی حکومت کے انتظامی کنٹرول میں ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت اسٹیل ملز کا عوام کے وسیع تر مفاد اور معیشت کی بحالی کی خواہش مند ہے۔بینک کے سربراہ نے سرمایہ کاری کے حوالے سے گفت و شنید کرنے پر وزیراعلیٰ سندھ کا شکریہ ادا کیا اور یہ یقین دلایا کہ صوبائی حکومت کی ٹیم کے ساتھ اتفاق رائے پیدا کرنے کے حوالے سے بات چیت جاری رہے گی۔