اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات وخصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ امریکہ کے اعلان آزادی کی تمہید ہے کہ تمام انسان برابر بنائے گئے ہیں،میں پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے امریکہ کے 248 ویں یوم آزادی پر امریکی عوام اور حکومت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔منگل کو ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی یوم آزادی کے موقع پر امریکی سفارت خانے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ 4 جولائی 1776 کو اپنایا گیا اعلان آزادی انسانی تاریخ میں اپنے گہرے مواد اور اثرات کی وجہ سے منفرد اہمیت کا حامل ہے،امریکہ کے اعلان آزادی کی تمہید ہے کہ تمام انسان برابر بنائے گئے ہیں، یہ تمہید متعدد اسلامی احکامات کی باز گشت ہےنے کہا کہ یہ پیغام مساوی دنیا کے لیے کوشش کرنے کی ترغیب دیتا ہے جو تمام خطوں کے لوگوں کے لیے بنیادی حقوق کو یقینی بناتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات اتنے ہی پرانے ہیں جتنا خود پاکستان ۔قائداعظم نے کہا تھا کہ امریکہ ایک عظیم اور طاقتور ملک ہے۔انہوں نے کہا کہ قائد نے کہا تھا ہمیں اس ملک سے بہت کچھ سیکھنا ہے اور ہمیں مختلف شعبوں میں اس کی دوستی کی ضرورت ہے، کرکٹ کے لیے باہمی محبت ایک نیا موقع ہے جو پاکستان اور امریکہ کے عوام کو جوڑتا ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ اس کھیل کے ذریعے حالیہ T-20 ورلڈ کپ کے بعد دونوں ممالک میں لاکھوں لو گ لطف اندوز ہوئےاور باہمی تعلقات بڑھے،پاکستان ایک بے پناہ صلاحیتوں کا حامل ملک ہے جس میں اہم خصوصیات ہیں جنہیں کوئی بھی ملک نظر انداز نہیں کر سکتا، ہماری نوجوان آبادی ایک بہت بڑا اثاثہ ہے جس میں 60 فیصد پاکستانیوں کی عمر 30 سال سے کم ہے، یہ آبادیاتی طاقت جدت، صنعت کاری اور اقتصادی ترقی کے وسیع مواقع پیش کرتی ہے۔