نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن)بھارت نے کرپٹوکرنس اور ڈیجیٹل اثاثوں کو قانونی قرار دیتے ہوئے انہیں ٹیکس نظام میں شامل کرنے کا اعلان کردیا ۔
بھارتی وزیر خزانہ نرملا سیتھا رمن نے لوک سبھا میں آئندہ مالی سال کے لیے بجٹ پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کے ورچوئل ڈیجیٹل اثاثوں سے ہونے والی آمدنی پر 30 فیصد ٹیکس عائد ہوگا۔ نرملا سیتھا رمن نے ملک کے مرکزی بینک کے ذریعے اپنی کرپٹو کرنسی لانے کا اعلان بھی کیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق بجٹ کی تفصیلات بتاتے ہوئے نرملا سیتھا رمن نے بتایا کہ آئندہ مالی سال کے دوران بھارت کا مرکزی بینک اپنی باضابطہ کرپٹو کرنسی لانچ کرے گا۔وزیر خزانہ نے بتایا کہ یہ کرپٹو کرنسی بلاک چین اور دیگر ٹیکنالوجی کی مدد سے لائی جائے گی،اس سے ملک کی معیشت کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی بینک کی جانب سے جاری کردہ ڈیجیٹل کرنسی ایک زیادہ موثر اور سستے کرنسی مینجمنٹ سسٹم کا باعث بنے گی۔