اسلام آباد۔(کورٹ رپورٹر ):انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور دیگر کے خلاف تھانہ سنگجانی اور آئی 9 میں درج مقدمات میں 8 جولائی کے بعد کیسز کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک پیشی کے حوالے سے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے تحریری جواب طلب کرلیا جبکہ عدالت پیش نہ ہونے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور، ایم این اے راجہ خرم نواز،سابق ایم پی اے عمر تنویر بٹ،حیدر بن مسعود اور راجہ ماجد حسین کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔پیر کے روز سماعت کے دوران علی نواز اعوان، واثق قیوم ،عامر کیانی و دیگر عدالت میں پیش ہوئےجبکہ وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈاپور اور عامر مغل کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کہاکہ کسی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست قبول نہیں ہوگی،یہ کوئی وجہ نہیں کہ میں شہر سے باہر ہوں تو پیش نہیں ہوسکتا۔ جج طاہر عباس سپرا نے استفسار کیاکہ حاضری پوری نہ ہونا ملزمان پر ہے یا کورٹ پر ہے جس پر وکلاء نے جواب دیاکہ حاضری پوری کرنا ملزمان پر ہے۔جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیئے کہ تمام غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری ہوں گے۔اس موقع پر وکلاء نے یقین دہانی کرائی کہ اگلی پیشی پر تمام ملزمان کی حاضری یقینی ہو گی۔جج طاہر عباس سپرا نے کہاکہ تمام غیر حاضر ملزمان کے بلا ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کررہے ہیں ،آئندہ پیشی پر حاضری والے سے مکمل یقین دہانی کرائی جائے گی تو پھر وارنٹ کا معاملہ دیکھیں گے۔اس موقع پر وکلاء صفائی نے استدعا کی کہ ایک موقع دیا جائے ،اگلی پیشی پر تمام ملزمان پیش ہوں گےجس پر عدالت کے جج نے کہاکہ جو ملزم 8 تاریخ کو نہیں آئیں گے ان کو اشتہاری قرار دوں گا،عدالتی مفرور کو اشتہاری قرار دینے کیلئے 30دن ضروری نہیں ہیں،میں نے ان کیسز کو انجام تک پہنچانا ہے ،آپ کا ہی اس میں فائدہ ہوگا،اگر کیسز میں جان ہوئی تو چلیں گے ورنہ فارغ ہوں گے۔بعد ازاں عامر مسعود مغل بھی عدالت پیش ہوگئے ۔عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سمیت پانچ غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے دونوں مقدمات کی سماعت 8 جولائی تک ملتوی کردی۔