اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار کی عدالت نے کورٹ مارشل میں 5 سابق نیوی افسران کی سزائے موت پر عملدرآمد روکنے کے حکم میں آئندہ سماعت تک توسیع کر دی۔پیر کے روز ارسلان نذیرستی،محمد حماد،محمد طاہر رشید،حماد احمد خان اور عرفان اللہ کی درخواستوں پر سماعت کے دوران درخواست گزاران کی جانب سے کرنل (ر) انعام الرحیم ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے۔ دوران سماعت پاک بحریہ کے نمائندہ نے پاک بحریہ کی جانب سے رپورٹ عدالت میں پیش کی اور مزید ہدایات لینے کیلئے عدالت سے وقت مانگ لیا۔ عدالت نے ہدایات لینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔