اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم محمد شہباز شریف 3 اور 4 جولائی کو آستانہ میں شنگھائی تعاون تنظیم کی کونسل آف ہیڈز آف سٹیٹ اور ایس سی او پلس کے دو سربراہی اجلاسوں میں شرکت کے لیے قازقستان جائیں گے، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، کابینہ کے دیگر سینئر ارکان اور اعلیٰ سرکاری افسران بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے پیر کو جاری بیان کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان کی کونسل کے اجلاس میں وزیراعظم اہم علاقائی اور عالمی مسائل پر پاکستان کے نقطہ نظر کا اشتراک کریں گے اور اس اہمیت کو اجاگر کریں گے کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے ساتھ علاقائی روابط اور تعاون کو اہمیت دیتا ہے۔ بیان کے مطابق وزیراعظم ایس سی او پلس سمٹ سے بھی خطاب کریں گے جو ایس سی او کے رکن ممالک کے ساتھ ساتھ ڈائیلاگ پارٹنرز، مبصر ریاستوں، چیئر کے مہمانوں اور بین الاقوامی تنظیموں کو بھی مدعو کرے گا۔وزیر اعظم اہم علاقائی اور عالمی مسائل پر پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کریں گے اور ایس سی او خطے کے لوگوں کے فائدے کے لیے تنظیم کو مضبوط بنانے کی اہمیت کو اجاگر کریں گے۔ وزیراعظم سربراہی اجلاس کے موقع پر شریک رہنمائوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔\932