کراچی۔ (نمائندہ خصوصی ):وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ ریونیو بورڈ (ایس بی آر) کو مالی سال 24-2023ء کے اہداف عبور کرنے پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ ایس بی آرنے ریونیو کی وصولی کے ہدف کو عبور کرتے ہوئے اہم سنگ میل حاصل کیا ہے، جس میں غیر معمولی ماہانہ ریونیو اکٹھا کیا گیا ہے۔انہوں نے یہ بات وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری کردہ اپنے بیان میں کہی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جون 2024 میں 28 بلین روپے اکٹھا کرنا ایک ماہ میں ابتک کی سب سے زیادہ ریونیو کلیکشن کی نمائندگی کرتا ہےایس بی آر کا مالی سال 24-2023 کے دوران 237 بلین روپے کا ریونیو اکٹھا کر کے قابل ذکر کامیابی حاصل کی ہے جبکہ اس مالی سال میں 235 بلین روپے کا ہدف رکھا گیا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سال 23-2022ء کی 185 بلین روپے وصولی کے مقابلے میں اس مرتبہ 28 فیصد سے زائد ریونیو حاصل ہوا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایس بی آر نے مسلسل معاشی سست روی، معیشت کے سروس سیکٹر میں 1.21 فیصد کے کم جی ڈی پی گروتھ اور گزشتہ چند سالوں سے ٹیکس فری بجٹ کے باوجود متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا، یہ اہم کامیابیاں ایس بی آر کی افرادی قوت کی انتھک لگن اور ثابت قدمی کی مثال ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایس بی آر کی ٹیم کو ٹیکس دہندگان کا بھر پور اعتماد اور تعاون حاصل ہے اور اس کے ساتھ ساتھ حکومت سندھ ٹیکس دہندگان کے غیر متزلزل حمایت کے لیے شکریہ ادا کرتی ہے