کراچی۔(نمائندہ خصوصی ):وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے رائل کالج آف ریڈیالوجسٹ برطانیہ کی جانب سے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) کراچی کو ریڈی ایشن آنکولوجی سروس، سائبر نائف کے شعبے میں بہتر ین کارکردگی پر دیئے گئے اعزاز کو سراہتے ہوئیے کہا کہ یہ ایوارڈ صحت کے شعبے میں صوبائی حکومت کے بہترین اقدامات اور عزم کی عکاس ہے۔وزیراعلی ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق جے پی ایم سی کراچی کو سائبر نائف – ریڈی ایشن آنکولوجی خدمات پر برطانیہ میں "دی رائل کالج آف ریڈیولوجسٹ” اعزاز سے نوازا گیا ہے۔یہ اعزاز پاکستان خاص کر صوبہ سندھ کے لیے بڑے فخر کی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز رائل کالج ریڈیولوجسٹ (آر سی آر) برطانیہ کی حکومت سندھ اور پیشنٹ ایڈ فاؤنڈیشن کے مابین پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے توسط سے جے پی ایم سی میں فراہم کی جانے والی مفت کینسر کے علاج کی سہولت کا اعتراف ہے۔ رائل کالج آف ریڈیالوجسٹ 1897 میں ایکسرے ریڈی ایشن کی ایجاد اوررونٹجن سوسائٹی کے قیام سے عمل میں آیا ۔ دنیا بھر میں بڑی تعداد میں ریڈیولوجسٹ اور ریڈی ایشن آنکالوجسٹ کے ماہرین خدمات فراہم کررہے ہیں۔ یہ ایوارڈ آر سی آر کی طرف سے دیا جانے والا سب سے باوقار ایوارڈ ہے۔ دنیا بھر میں صرف 78 افراد کو اس اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ 28 جون 2024 بروز جمعہ ،پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود کو سینٹرل ہال ویسٹ منسٹر، لندن میں اس اعزاز سے نوازا گیا۔تقریب میں پاکستان میں ریڈیولاجی اور ریڈی ایشن آنکولوجی کے شعبے میں ان کی خدمات پر روشنی ڈالی گئی۔ڈاکٹر طارق محمود، پروفیسر ایمریٹس، ریڈی ایشن آنکولوجی، جے پی ایم سی وہ پہلے مسلمان اور پاکستانی پروفیسر ہیں جنہیں اس عظیم ایوارڈ سے نوازا گیا۔انہیں عوامی خدمت کے عوض تمغہ امتیاز، چیف آف نیول اسٹاف کی جانب سے سرجن کمانڈر کے اعزازی رینک اور میڈیسن کے شعبے میں خدمات پر رائل کالج آف ایڈنبرا سے اعزازی فیلوشپ بھی حاصل کرچکے ہیں۔ پروفیسر محمود نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہوکو ایک نئے ٹاپ آف دی لائن سائبر ایس 7 یونٹ اورٹو موتھراپی ایکس 9 کے لیے پیشنٹس ایڈ فائونڈیشن عطیہ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ جے پی ایم سی دنیا کا واحد مرکز ہے جو 2012 سے قومی، مذہبی اورنسلی امتیاز کے برعکس سائبر نائف اور ٹوموتھراپی کے ذریعے کینسر کا مفت علاج کرتاآرہا ہے ۔ اب تک 15 ممالک اور پاکستان کے 167 شہروں کے مریض اس مفت سروس سے مستفید ہو چکے ہیں جبکہ دنیا بھر میں ان مہنگے علاج پر کروڑوں روپے خرچ ہوتے ہیں۔جے پی ایم سی میں ریڈی ایشن آنکولوجی کا شعبہ دو سائبر نائف یونٹس، دو ٹوموتھراپی یونٹس، اور ایکوی نوکس 100 سے لیس ہے، جس سے یہ ٹیکنالوجی کی دنیا میں ٹاپ ٹین مراکز میں سے ایک ہے۔یہاں علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جاتی ہیں اور پروسٹیٹ، دماغ، ریڑھ کی ہڈی، پھیپھڑوں، جگر، سر اور گردن وغیرہ کے ابتدائی مرحلے کے کینسر کا علاج بھی کیاجاتاہے۔مزید برآں ریڈی ایشن آنکولوجی سیکشن 2017 سے مفت PET-CT اسکین کی سہولت فراہم کررہاہے۔ مریضوں میں اضافے کے سبب محکمے نے پروسٹیٹ، دماغ اور کارڈیک اسکین کے لیے نئے آاسوٹوپس کا آغاز کیاہے اورآئندہ مالی سال میں 4000 سے زائد PET-CT اسکین مفت کرنے کا منصوبہ ہے۔