سکھر ( نمائندہ خصوصی)سکھر بیراج کا 35 ٹن وزنی گیٹ نمبر 47 پانی سے نکال کر پھر اپنی جگہ پر لگا دیا گیا تفصیلات کے مطابق ایک ہفتے کی تگ و دو کے بعد آخرِ کار سکھر بیراج کا 35 ٹن وزنی گیٹ نمبر 47 پانی سے نکال کر پھر اپنی جگہ پر لگا دیا گیا ہے۔ جس کے بعد نہروں کو پانی کی سپلائی بحال کردینے کی اطلاع ہے۔بیراج کے گیٹ نمبر 44, 48, 52, 53 اور 54 کی بھی مرمت کردی گئی ہے جنہیں 20 جون کے واقعے میں نقصان پہنچا تھا۔محکمہ آب پاشی سندھ بتا رہا ہے کہ بیراج کے دائیں جانب سے رائس کینال میں 9,200 کیوسک، دادو نہر میں 2,000 کیوسک اور کیرتھر نہر میں 3,900 کیوسک پانی چھوڑا جا رہا ہے۔بیراج کے بائیں جانب نارا نہر میں 13,700 کیوسک، روہڑی نہر میں 1,050 کیوسک، خیرپور مشرقی نہر میں 1,450 کیوسک اور خیرپور مغربی کینال میں 1,250 کیوسک پانی چھوڑا جارہا ہے۔کراچی شپ یارڈ اور انجینیئرنگ ورکس سے نیا گیٹ نمبر 47 بھی 20 جولائی تک بن کر آنے کا امکان ہے۔