اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )پاکستان کے سب سے بڑے ٹیلی کمیونی کیشن اور آئی سی ٹی خدمات فراہم کرنے والے ادارے پی ٹی سی ایل گروپ ٹی سی ایل ویوفون 4G) نے اپنے کسٹمر کئیر نظام میں بہتری کیلئے مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید ترین پلیٹ فارم شامل کرلیا ہے،یہ اقدام ایس ٹیک اے آئی (STech.ai) جیسے جدید ادارے کے تعاون سے اٹھایا گیا ہے جو صارفین کی سہولت اورکسٹمر کئیر خدمات میں بہتری کیلئے اردو پر مبنی لارج لینگویج ماڈلز (ایل ایل ایمز)، آٹومیٹک اسپیچ ریکاگنیشن (اے ایس آر)، نیچرل لینگویج پروسیسنگ (این ایل پی) اور مشین لرننگ (ایم ایل)کو بروئے کار لاتا ہے۔اس پلیٹ فارم کا مقصد صارفین کے رویوں کا جائزہ لینااور معیاری معلومات فراہم کرکے کوالٹی مینجمنٹ سسٹم کو بہتر بنانا ہے جس کی بدولت پی ٹی سی ایل کے صارفین کے تجربات میں بہتری سے متعلق مجموعی حکمت عملی کو آگے بڑھایا جا سکے گا،یہ اہم اقدام پی ٹی سی ایل گروپ کے صارفین کے تجربات میں بہتری کے حوالے سے مثالی کارکردگی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔پی ٹی سی ایل گروپ صارفین کو مرکزی اہمیت دیتا ہے اور صارفین کے تجربات میں بہتری اور خدمات کی فراہمی میں بہترین کارکردگی کیلئے پرعزم انداز سے کوششیں کر رہا ہے۔ کمپنی اس ضمن میں مسلسل سرمایہ کاری کررہی ہے، جدت اختیار کررہی ہے، اور اپنے کاروباری طریقوں کو جدید تقاضوں کے مطابق مستقل بہتر بنا رہی ہے۔کمپنی ہر عمل کو آگے بڑھانے کے لئے جدید ٹیکنالوجیز اور کسٹمر فیڈ بیک سے استفادہ کرتی ہے اور اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ ہر سروس ٹچ پوائنٹ کو برق رفتار اور فعال انداز سے رابطے اور کارکردگی کے اعتبار سے موثر بنایا جائے تاکہ اپنے قابل قدر صارفین کی سہولت کیلئے ان سہولیات کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لایا جاسکے۔ جدید مصنوعی ذہانت کے انضمام کی بدولت صارفین کے تجربات میں مثالی بہتری آئے گی اور اسکی بدولت پوری انڈسٹری کے لئے ایک نیا معیار قائم ہوگا۔صدر وگروپ سی ای او، پی ٹی سی ایل اور یوفون4G ، حاتم بامطرف نے اس اقدام پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ”مصنوعی ذہانت جیسی عصر حاضر کی ٹیکنالوجیز کے استعمال سے ہمارے صارفین کے تجربات میں نمایاں بہتری آئے گی۔مصنوعی ذہانت کسٹمر کئیر کے شعبے میں بڑی تبدیلیاں لانے کے لئے تیار ہے اور پی ٹی سی ایل گروپ کا اس سفر میں قائدانہ کردار ہمارے لئے فخر کا مقام ہے۔ گروپ چیف کسٹمر کیئر آفیسر، پی ٹی سی ایل و یوفون4G ، احمد کمال نے کہا، ”ہم ٹیلی کام انڈسٹری میں اردو زبان کے مصنوعی ذہانت سے لیس پہلے کسٹمر سروسز پلیٹ فارم کے آغاز پر بہت خوش ہیں۔ یہ اقدام ہمارے وژن سے مطابقت رکھتا ہے اور صارفین کو بہترین تجربات کی فراہمی کے ہمارے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔یہ اقدام آئندہ دنوں میں ہمارے صارفین کے تجربات میں نمایاں بہتری لائے گا۔مشرق وسطی و شمالی افریقہ ریجن سے آغاز کرنے والی ایس ٹیک۔اے آئی (STech.ai) کے سی ای او، عدیل سعید چوہدری نے کہا، ”پی ٹی سی ایل گروپ کے ساتھ شراکت داری ہمارے لئے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ برانڈ بوٹوا (BOTWA) کے تحت ہماری کمپنی مکالمانہ مصنوعی ذہانت میں مہارت رکھنے والی قائدانہ کردار کی حامل اے آئی کمپنی ہے اور مصنوعی ذہانت سے آراستہ صارف تجربات کیلئے ہماری جدید خدمات بڑی ڈیجیٹل تبدیلی لانے اور کسٹمر سروس میں بہترین کارکردگی کے فروغ کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔