اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )دفترخارجہ کی ترجمان ممتاززہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں نہتے فلسطینیوں کے قتل عام کا سلسلہ جاری ہے، اسرائیلی فوج انسانیت کے خلاف جرائم کی مرتکب ہوئی ہے۔ جمعہ کو یہاں پریس بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اسرائیلی فوج کی جانب سے شمالی غزہ کے بیت لاہیا شہر پر اندھا دھند بمباری کی شدید مذمت کرتا ہے جس میں خواتین اور بچوں کی شہادت ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کے اقدامات کو غزہ کے لوگوں کے خلاف جنگی جرائم قرار دیتا ہے۔ ترجمان نے شہریوں کی مزید ہلاکتوں کو روکنے کے لئے فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کے جمہوری حقوق کو مسلسل دبانے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ بھارتی حکام نے چند روز قبل جموں و کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات پر پابندی عائد کرتے ہوئے بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر میاں قیوم کو گرفتار کرلیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ قبل ازیں عید الاضحیٰ کے موقع پر کشمیریوں کو سری نگر کی تاریخی جامع مسجد اور عید گاہ میں نماز عید کے لئے جمع ہونے کی اجازت نہیں دی گئی جبکہ ممتاز کشمیری رہنما میر واعظ عمر فاروق کو بھی گھر میں نظر بند کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جابرانہ اقدامات بھارتی حکام کے آمرانہ طرز عمل کی ایک اور مثال ہیں اور بنیادی آزادیوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ترجمان نے کہا کہ ہم بھارتی حکام پر زور دیتے ہیں کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے انسانی حقوق اور ان کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کا احترام کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لئے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔