اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہمیں مجبوراً آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا، اس کے باوجود ہم نے عوام پر مہنگائی کا بوجھ نہیں پڑنے دیا۔جمعرات کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدت کیس میں فیصلے کے بعد پی ٹی آئی والے ملک میں انتشار پھیلانے کی سوچ رکھتے ہیں ،حالیہ ضمنی الیکشن میں عوام نے ملک میں آگ لگانے اور انتشار پیدا کرنے والوں کو مسترد کر دیا تھا، یہ جو مرضی کر لیں ملک بہتری کی طرف جائے گا۔دانیال چودھری کا کہنا تھا کہ یہ سوشل میڈیا میں حکومت چلا رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کہتے ہیں میں ہوں تو پاکستان ہے، آج ملک میں اگر کوئی بحران ہے تو اس کے ذمہ داربانی پی ٹی آئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے پاکستان کو کمزور کیا، حکومت دن رات محنت کر کے مہنگائی کی شرح میں کمی لانے میں کامیاب ہوئی۔ قبل ازیں پارلیمنٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدت کیس میں ایک فیصلہ آیا، عدالت نے سزا کو بحال رکھا،ان کے خلاف کیس کا فیصلہ آیا تو ان لوگوں کے ہوش اڑ گئے۔انہوں نے کہا کہ اس ملک کو بانی پی ٹی آئی نے بہت نقصان پہنچایا، نو مئی کو بانی پی ٹی آئی کے بچے بیرون ملک برگر کھا رہے تھے۔دانیال چوہدری نے کہا کہ اس حکومت نے عوام کی بات کی ہے، یہ حکومت غریب عوام کی ترجمان ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ملک کے دشمنوں کے ساتھ نہیں ہیں،ہماری جماعت کے رہنمائوں نے جیلیں کاٹی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں مستحکم ہے،پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت غریب عوام کی حکومت ہے۔