اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے نئے مالی سال کے بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کے لئے بھر پور اقدامات اٹھائے ہیں ،بجٹ میں آئی ٹی کے شعبے کے فروغ کے لئے تقریباً 100 ارب،سکلز ڈویلپمنٹ اور کھیلوں کے شعبے کے لئے بھی تاریخی فنڈز مختص کئے گئے ہیں ۔جمعرات کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سےینگ پارلیمنٹیرینز کے وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔وفد میں اراکین قومی اسمبلی راجہ اسامہ سرور، بیرسٹر عقیل ملک، بیرسٹر دانیال چوہدری ، احمد عتیق انور، نوشین افتخار، رانا ارادت شریف خان، محمد
عثمان اویسی ،عمار احمد خان لغاری ، ڈاکٹر شائستہ خان، زینب بلوچ ، سعد وسیم ،شاہد عثمان شامل تھے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو عوام کی خدمت کا موقع فراہم کیا ہے ، امید ہے کہ آپ ملک کی ترقی و خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے دن رات کام کریں گے ،ہم نے نئے مالی سال کے بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کے لئے بھر پور اقدامات اٹھائے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ قابل طلباء کو حکومت کی طرف سے لیپ ٹاپس فراہم کئے جائیں گے ،بجٹ میں آئی ٹی کے شعبے کے فروغ کے لئے تقریباً 100 ارب کے فنڈز رکھے گئے ہیں جو کہ تاریخی قدم ہے ،سکلز ڈویلپمنٹ اور کھیلوں کے شعبے کے لئے بھی تاریخی فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو روزگار کے بھرپور مواقع فراہم کرنے اور ان کی سکلز ڈویلپمنٹ کے لئے بہت سے منصوبوں پر کام کر رہی ہے،حکومتی اداروں میں اصلاحات اور ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری حکومت کی ترجیحات ہیں جن سے ملکی خزانے پر بوجھ کم کیا جا سکے گے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔ ملاقات میں متعلقہ حلقوں کے امور اور ملک کی مجموعی و سیاسی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔