لاہور( نمائندہ خصوصی )صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا ہے کہ پنجاب میں گندم کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور گندم یا آٹے کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔ وزیر خوراک نے کہا کہ محکمہ خوراک پنجاب کے پاس 23 لاکھ ٹن گندم موجود ہے۔ آٹے کی سپلائی میں نہ ماضی میں کوئی کمی آئی اور نہ ہی مستقبل میں کمی آنے دیں گے۔ بلال یاسین نے کہا کہ آٹے کی قیمت میں مصنوعی اضافے کی کوشش کرنے والوں کیخلاف کارروائی ہو گی۔ صوبائی وزیر نے محکمہ خوراک کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر آٹے کی ترسیل کو مکمل طور پر مانیٹر کیا جائے۔ وزیر خوراک بلال یاسین نے واضح کیا کہ پنجاب میں آٹے کی قیمت میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے بتایا کہ چند کالی بھیڑیں مارکیٹ کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہی ہیں لیکن انہیں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ عوام تک آٹے کی بلاتعطل اور سستے داموں فراہمی کیلئے ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک کا عملہ فیلڈ میں موجود ہے اور گندم اور آٹے کی سپلائی اور قیمتوں پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہیں۔