نئی دلی:(مانیٹرنگ ڈیسک )آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے رہنما اورحیدرآباد دکن سے بھارتی لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی کے خلاف لوک سبھاکی رکنیت کا حلف لیتے ہوئے جے فلسطین کا نعرہ لگانے پر دو شکایات درج کی گئی ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اسد الدین اویسی کے خلاف ایک شکایت ایڈووکیٹ ہری شنکر اور دوسری ایڈووکیٹ ونیت جندال کی جانب سے درج کروائی گئی ہے۔ایڈووکیٹ ونیت جندال نے کہا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 103 کے تحت اسد الدین اویسی کے خلاف صدر کے پاس ایک شکایت دائر کی گئی ہے جس میں اسد الدین اویسی کو آرٹیکل 102 (4) ایم پی کے تحت غیر ملکی ریاست فلسطین سے وفاداری یا اس کی پاسداری ظاہر کرنے پر نااہل قرار دینے کا مطالبہ کیا گیاہے۔بھارت کے مرکزی وزیر شوبھا کرندلاجے نے وزارتِ داخلہ کو ایک خط لکھا ہے جس میں انہوں نے اسدالدین اویسی کی لوک سبھا میں تقریر اورنعرے پر ایکشن لینے کا مطالبہ کیا گیاہے۔اسد الدین اویسی نے گزشتہ روز پارلیمنٹ میں حلف لیتے ہوئے جے فلسطین یعنی فلسطین زندہ بادکا نعرہ لگایاتھا۔بعدازاں اسد الدین اویسی نے اپنی حلف برداری کی ویڈیو سوشل میڈیا پربھی شیئر کی اور ساتھ میں یہ بھی لکھاتھا کہ وہ پورے خلوص کے ساتھ بھارت کے پسے ہوئے طبقے کی مسائل کو اجاگر کرتے رہیں گے۔