اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چینی صنعتوں کی پاکستان منتقلی کے حوالے سے چینی اور پاکستانی کمپنیوں کے درمیان جوائنٹ وینچر منصوبے کی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں اندرونی و بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے،حکومت تاجروں اور سرمایہ کاروں کے لئے کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم کی ذیر صدارت سرمایہ کاری بورڈ کے امور پر اہم اجلاس بدھ کو منعقد ہوا۔اس موقع پر وزیراعظم نے اپنے دورہ چین کے دوران شینزین میں پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیاں مفاہمتی یادداشتوں کے حوالے سے پیشرفت پر جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔وزیر اعظم نے خصوصی اقتصادی زونز ون سٹاپ شاپ کے قانون کے مسودہ پر دورہ چین کے بعد ہونے والی پیشرفت کے تناظر میں نظر ثانی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ چین کی ٹیکسٹائل ، چمڑے ، فٹ وئیر اور دیگر صنعتوں کی پاکستان میں ری لوکیشن کے حوالے سے بہت استعداد موجود ہے۔ اجلاس کو سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ چینی صنعتوں کی پاکستان میں ری لوکیشن کے حوالے سے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں،اسلام آباد بزنس فیسلی ٹیشن مرکز کے قیام کے حوالے سے چینی ماہرین کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں،آسان کاروبار ایکٹ کا مسودہ جلد کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز میں بھیجا جا رہا ہے۔اجلاس میں وفاقی وزیر نجکاری و سرمایہ کاری عبد العلیم خان ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔