اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان اور مولانا فضل الرحمان سے ان کی نشست پر جا کر ملاقات کی۔ بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر اعظم ایوان میں آئے تو ارکان نے ڈیسک بجاکر ان کا خیرمقدم کیا۔ بعد ازاں وزیر اعظم نے مولانا فضل الرحمان کی نشست پر جاکر ان سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ وزیر اعظم نے قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان، سابق سپیکر اسد قیصر، عامر ڈوگراور زین قریشی سے بھی ان کی نشستوں پر جاکر مصافحہ کیا۔ وزیر اعظم نے ایوان میں مصروف دن گزارا۔ وزیراعظم سے بلوچستان سے ارکان نے خالد مگسی کی قیادت میں ملاقات کی۔پیپلز پارٹی کی خواتین ارکان نے بھی گروپ کی شکل میں وزیر اعظم سے ملاقات کی اور ان سے تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم سے بیرسٹر عقیل ملک نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم ایوان میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار سے بھی تبادلہ خیال کرتے رہے۔وزیر اعظم سے مسلم لیگ (ن) کی خواتین ارکان نے بھی ملاقات کی۔وزیر اعظم سے مختلف ارکان اپنے حلقوں کے مسائل کے حوالے سے انہیں آگاہ کرتے رہے۔وزیر اعظم مسلم لیگ (ن) کے چیف وہیپ طارق فضل چوہدری کو بھی احکامات دیئے۔وزیر اعظم سے وفاقی وزیر اویس لغاری نے بھی ملاقات کی۔ ایم کیو ایم پاکستان کے پارلیمانی لیڈر خالد مقبول صدیقی نے بھی وزیر اعظم سے ملاقات کی۔ وزیراعظم سے پیپلز پارٹی کے چیف وہپ اعجاز جاکھرانی نے بھی ملاقات کی۔وزیر اعظم سے پیپلز پارٹی کی رکن شازیہ مری نے بھی ملاقات کی۔ وزیر اعظم سے مسلم لیگ ن کے رکن رانا قاسم نون نے بھی ملاقات کی۔وزیر اعظم سے اتحادی جماعتوں کے ارکان بھی ملاقاتیں کرتے رہے اور انہیں اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کرتے رہے۔وزیر اعظم سے شاکر بشیر اعوان، رشید احمد خان نے بھی ملاقات کی۔