اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):قومی کمیشن برائے وقار نسواں (نیشنل کمیشن آن ویمن سٹیٹس) (این سی ڈبلیو ایس)کی چیئرپرسن نیلوفر بختیار نے کہا ہے کہ پاکستان کے قدرتی حسن کو برقرار رکھنے کے لیے ماحولیاتی تبدیلیوں کے درپیش چیلنجز کا مل کر مقابلہ کرنا ہوگا، ماحولیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک میں پاکستان پانچویں نمبر پر ہے، قدرتی آفات سے سب سے زیادہ خواتین اور بچے متاثر ہوتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خواتین کی صحت سے متعلق قومی کانفرنس کے دوسرے دن کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔نیشنل کمیشن آن ویمن سٹیٹس کے زیر اہتمام منعقدہ قومی کانفرنس کے دوسرے دن کا موضوع ’’پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے خواتین کو درپیش چیلنجز“ تھا ۔نیلوفر بختیار نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے عمر رسیدہ افراد، بچے بالخصوص خواتین متاثر ہوتی ہیں اس لیے ہمیں ماحولیاتی تبدیلیوں کے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے خود کو تبدیل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں قدرتی آفات سے بچے اور خواتین سب سے زیادہ متاثر ہوتی ہیں، کورونا وائرس کی وبا کے بعد خواتین پر گھریلو تشدد میں اضافہ ہوا ہے جو تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے عورت کو شعور دیا ہے جس کی بدولت ایک عورت پورے خاندان کی فلاح کومقدم رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زرعی شعبے سے 68فیصد خواتین منسلک ہیں تاہم صرف 4فیصد خواتین زرعی اراضی کی مالک ہیں۔ کانفرنس میں کنٹری ڈائریکٹر پاتھ فائنڈر مدیحہ لطیف ،پاکستان میں آذر بائیجان کے سفیر خضر فرحدوف ،ثمر خان ،چائلڈ سیل این ڈی ایم اے ذولیخا ،محمود اختر چیمہ ،ڈی جی ای پی اےفرزانہ الطاف شاہ ،شبنم بلوچ ،نصیر میمن ،بلال انور ،در شہوار محمود ،محمد عباس حسن ،بریرہ حنیف سمیت دیگر شرکانے موضوع پر سیر حاصل گفتگو کی اور پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے خواتین کو درپیش چیلنجز کا احاطہ کیا ۔