اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر داخلہ و انسدادِ منشیات محسن نقوی نے کہا ہے کہ اینٹی نارکوٹکس فورس اور متعلقہ ادارے منشیات کی خرید و فروخت اور سمگلنگ روکنے کے بھرپور کام کر رہے ہیں،اے این ایف کے افسران اور جوانوں نے منشیات سے پاک پاکستان مشن میں اپنی قیمتی جانیں قربان کی ہیں،اے این ایف کے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔منشیات کے استعمال اور سمگلنگ کے خلاف عالمی دن پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے کہا کہ آج ہم اے این ایف کے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ معاشرے پر منشیات کے استعمال کے تباہ کن اثرات کے پیشِ نظر اس جنگ کو قومی ترجیح بنانا ناگزیر ہے،منشیات کے استعمال اور سمگلنگ کے خلاف یہ جنگ اس وقت تک نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوسکتی جب تک ہم بحیثیت قوم سب اس میں شانہ بشانہ شامل نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو منشیات سے پاک ایک صحت مند معاشرہ بنانے کے عظیم مقصد کے لئے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔منشیات کے استعمال کی لہر کو روکنے کے لئے آگاہی، کمیونٹی کی شمولیت اور قانون کے نفاذ کو ترجیح دینا ہے۔آئیے منشیات کے استعمال اور سمگلنگ کے خلاف ہم ایک صحت مند اور منشیات سے پاک پاکستان کی تعمیر کے عزم کا اعادہ کریں،منشیات سے پاک معاشرہ ہمارے بچوں کا حق ہے اور یہ حق انہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں منشیات کے استعمال سے پیدا ہونے والے مستقل خطرات کو مشترکہ اور جامع اقدامات سے نمٹنا ہو گا۔پاکستان طویل عرصے سے منشیات کے مضر اثرات اور اس سے وابستہ جرائم، تشدد، خرابی صحت اور پیداواری صلاحیت میں کمی جیسے مسائل کا سامنا کررہا ہے،حکومت اس چیلنج کی شدت کو تسلیم کرتے ہوئے نیشنل اینٹی نارکوٹکس پالیسی کے تحت منشیات کے استعمال اور سمگلنگ کے خلاف جامع اقدامات کر رہی ہے۔پالیسی میں منشیات کی طلب اور فراہمی میں کمی اور بین الاقوامی تعاون شامل ہے۔