اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):پاکستان اور سویڈن نے دوطرفہ تعلقات کی رفتار کار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے باہمی تعاون کو مضبوط بنانے اور مستحکم اقتصادی اشتراک کار پر مبنی وسیع البنیاد تعلقات کو استوار کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔بدھ کے روز ترجمان دفتر خارجہ کی پریس ریلیز میں کہا گیا کہ پاکستان اور سویڈن کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا18 واں دور یہاں منعقد ہوا۔ ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (یورپ) سفیر شفقت علی خان نے پاکستان کی جانب سے قیادت کی جبکہ سویڈن کی جانب
سے سویڈن کے ڈائریکٹر جنرل اور وزارت خارجہ کے گلوبل ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ سفیر ڈیگ جوہلن ڈینفیلٹ نے نمائندگی کی ۔ دونوں فریقوں نے دو طرفہ تعاون کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا جس میں سیاسی تعلقات، تجارت و سرمایہ کاری، تعلیم اور عوام سے عوام کے روابط شامل تھے۔ سویڈن کی جانب سے پاکستان کو سویڈن میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔اہم علاقائی اور عالمی پیش رفت بھی زیر بحث آئی۔ دونوں فریقوں نے اقوام متحدہ اور یورپی یونین سمیت کثیرالجہتی فورمز پر باہمی دلچسپی کے تمام امور پر ہم آہنگی پر اتفاق کیا۔ ڈائریکٹر جنرل نے سیکرٹری خارجہ سے بھی ملاقات کی اور پاکستان سویڈن دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ واضح رہے کہ پاکستان اور سویڈن سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔