اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مستحق خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے اور سکل ڈیویلپمنٹ کے ذریعے غربت کے خاتمےکے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔سینیٹر روبینہ خالد نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین کو غربت سے باہر نکالنے میں فنی مہارت کی فراہمی کے اہم کردار پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو مجموعی طور پر بااختیار بنانے کے لئے معاشی بااختیاری ضروری ہے، مالی خودمختاری خواتین کی آزادی اور کامیابی کی دلیل ہے، مستحقین کو غربت سے نکالنا ہماری اولین ترجیح ہے اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اس مقصد کے حصول کے لئے مختلف منصوبوں پر کام کررہا ہے۔ زیر
بحث اہم پیشرفت میں سے ایک سہ ماہی وظیفوں کی تقسیم میں شفافیت کو بڑھانے کے لئے ڈیجیٹل نظام کاآغازتھا، اس نظام کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ استفادہ کنندگان اپنی ادائیگیاں فوری اور محفوظ طریقے سے حاصل کریں، اس طرح پروگرام کی مجموعی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔بل گیٹس نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے اقدامات اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے ضرورت مندوں کے لئے ایک بہترین فلاحی پروگرام قرار دیا۔ انہوں نے اس پروگرام کے لئے اپنی مکمل حمایت کا اظہار کرتے ہوئے غذائی قلت سے نمٹنے اورپسماندہ طبقات کے لئے غذائی تحفظ میں اضافہ کرنے میں نمایاں پیشرفت کا اعتراف کیا۔بل گیٹس نے کہاکہ میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی جانب سے غذائیت کی کمی اور غذائی تحفظ جیسے اہم مسائل سے نمٹنے میں نمایاں پیش رفت کی تعریف کرتا ہوں۔چیئرپرسن روبینہ خالد نے بل گیٹس کا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے منصوبوں میں مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے تعاون کے لئے تہہ دل سے شکر گزار ہیں جو ہمارے معاشرے کے سب سے زیادہ مستحق طبقات کو بااختیار بنانے کی ہماری کوششوں کو تقویت دیتا ہے۔