لاہور۔(نمائندہ خصوصی )وزیر اعلی پنجاب مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ منشیات اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بلاامتیاز کارروائی کے احکامات دیئے گئے ہیں۔ پنجاب حکومت منشیات کی اسمگلنگ اور استعمال کو روکنے کے لئے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے منشیات کے خلاف عالمی دن پراپنے پیغام میں کہا کہ آج ہم اپنے نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے منشیات سے پاک پنجاب کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔منشیات کا استعمال زندگیاں اور خاندان تباہ کرتا ہے، ہمیں اس خطرے سے لڑنے کے لیے متحد ہونا ہوگا۔ وزیر اعلی مریم نوازشریف نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ آگاہی پھیلائیں اور نشے کے خلاف لڑنے والوں کی مدد کریں۔ تعلیم اور آگاہی منشیات کے استعمال کو روکنے کی کلید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے خلاف جنگ میں اجتماعی کوشش کی ضرورت ہے، ہر شہری اس مقصد میں فعال طور پر حصہ لے۔