لاہور ( بیورو رپورٹ)
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی وہ واحد جماعت ہے جس کے تمام امور منصوبہ بندی اور تربیت کی لڑی میں پروئے ہوئے ہیں، جماعت اسلامی منصوبہ بندی کے ساتھ مستقبل کی راہیں متعین کرتی ہے اور تربیت کے ذریعے افراد کی صلاحیتوں کو نکھارتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی چار روزہ تفہیم منصوبہ ورکشاپ سے خطاب میں کیا۔
امیر جماعت نے حلقہ خواتین جماعت اسلامی سے وابستہ خواتین کی کارکردگی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے تمام وسائل آج بین الاقوامی استعمار کے قبضے میں ہیں جس کی بنیاد پر معاشی خود مختاری، قوموں کی زندگیوں میں المیہ بن چکا ہے۔ بہتر معاشی منصوبہ بندی نہ ہونے کی بناء پر آج وطن عزیز لاتعداد مسائل کا شکار ہے۔ جماعت اسلامی کی جدوجہد اللہ کی حاکمیت کے قیام کی جدوجہد ہے۔جماعت اسلامی معاشرے کے اخلاقی،معاشی،معاشرتی اور سیاسی مسائل حل کرنا چاہتی ہے۔ اس حوالے سے ہمیں معاشرے کا اعتبار حاصل کرنے کے لیے رابطہ عوام مضبوط بنانا ہے اور عوام کو احساس دلانا ہے کہ کرپشن کے جنگل کو بڑھانے میں تینوں بڑی پارٹیاں شامل ہیں اور عوام کے مسائل کا ادراک اور ان کا حل جماعت اسلامی ہی پیش کرسکتی ہے۔
سینیٹر مشتاق احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام سیاست کو قیام ریاست الہیہ کے لیے فرض عین گردانتا ہے۔ میثاق مدینہ کی رو سے اسلامی ریاست کا مقصد یہ نہیں ہے کہ کسی خاص گروہ کو فائدہ پہنچایا جائے بلکہ اس کا مقصد اللہ کے نظام کو غالب کرنا ہے۔اس کے بغیر اسلامی تقاضے پورے نہیں ہو سکتے۔آج پونے دو ارب مسلمان،80 لاکھ فوج,لاتعداد وسائل,بہترین جغرافیہ رکھنے کے باوجود دنیا میں کہیں بھی اسلامی ریاست کا وجود نہیں،امت کی عزت و آبرو محفوظ نہیں ہے۔
قیم جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے کہا کہ جماعت اسلامی کے بارے میں یہ پروپیگنڈا ہے کہ جماعت اسلامی کے پاس ماہرین کی ٹیم نہیں، یہ غلط تصور ہے۔ ہمیں اپنی کارکردگی سے عوام الناس کو باور کروانا ہے کہ جماعت اسلامی کے پاس باصلاحیت افراد کی کمی نہیں۔جماعتِ اسلامی تنظیمی بنیاد پر محدود وسائل کے ساتھ تعلیم،صحت،خدمت کے میدان میں کام کررہی ہے اور اقتدار میں آکر بڑے پیمانے پر انقلاب برپا کرسکتی ہے۔ عوامی اعتراف کے نتیجے میں کسی وقت بھی انقلاب کی ایسی لہر بیدار ہو سکتی ہے کہ جس سے جماعت اسلامی لوگوں کی توجہ کا مرکز بن جائے۔
قبل ازیں اسسٹنٹ سیکرٹری سکینہ شاہد نے اپنے افتتاحی خطاب میں ورکشاپ کے اغراض و مقاصد سے آگاہی دی۔تفہیم منصوبہ ورکشاپ میں حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی تنظیم،اراکین مرکزی شوریٰ،مرکزی،صوبائی و ضلعی ذمہ داران,شعبہ جات، ادارہ جات اور برادر تنظیمات کی نگرانات اپنے نائبین کے ہمراہ شرکت کر رہی ہیں۔