اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان سدا بہار اسٹریٹجک تعاون سی پیک کی اپ گریڈیشن کے ساتھ ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے،جمعہ کو سوشل میڈیا ایکس پر اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے بین الاقوامی محکمہ کے وزیر لیو جیان چاو اور ان کے وفد کا استقبال کر کے خوشی ہوئی۔ تیسرے مشترکہ مشاورتی میکنزم کے آج ہونے والے تیسرے اجلاس کی کامیابی پر انہیں اور پاکستانی سیاسی رہنماؤں کو مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان ہرسدابہار اسٹریٹجک تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، جو اب سی پیک کی اپ گریڈیشن کے ساتھ ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔انہوں نے آہنی تعلقات کو مضبوط کرنے کی ہماری مشترکہ خواہش میں مکمل حمایت کے لیے سی پی سی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم چینی صدر کی دور اندیش قیادت اور اپنے دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے میں ان کے کردار کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی کی بات کی جائے تو دونوں ممالک میں مکمل سیاسی اتفاق رائے ہے۔