مظفرآباد (نمائندہ خصوصی ) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے کشمیر دورے کیخلاف پاسبان حریت جموں کشمیر کا دارالحکومت میں شدید احتجاج، دلی کا حکمران دس لاکھ فوجیوں کے پہرے میں سرینگر کا دورہ کرکے خود کو کشمیر کا مالک ثابت نہیں کرسکتا، مقررین کا احتجاجی مظاہرے سے خطاب۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کے وزیر اعظم نریندرا مودی کے کشمیر دورے کیخلاف سینٹرل پریس کلب کے سامنے پاسبان حریت کے زیرِ اہتمام شہریوں نے ٹائر جلا کر شدید احتجاج کیا ۔ مودی کے سرینگر دورے کے خلاف مظاہرے کی قیادت چیئرمین پاسبان حریت عزیر احمد غزالی ، حریت راہنماؤں مشتاق الاسلام ، مشتاق احمد بٹ ، عثمان علی ہاشم ، ڈاکٹر محمد منظور ، محمد اسحاق شاہین ، جاوید احمد مغل ، خالد محمود زیدی اور دیگر راہنما کر رہے تھے ۔ دلی سرکار کی شہ پر کشمیر میں جاری جنگی جرائم پر بطور احتجاج شہریوں نے نریندرا مودی ، راج ناتھ سنگھ ، اجیت دووال اور امیت شاہ کے پتلے نظر آتش کیئے ۔ شہریوں کی بڑی تعداد جن میں بزرگ ، نوجوان اور بچے شامل تھے مودی مخالف مظاہرے میں شریک ہوئے ، شہری نریندرا مودی کے خلاف سیاہ جھنڈے لہرا کر احتجاج کر رہے تھے ۔ شہریوں نے مودی مخالف بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر مزمتی جملے درج تھے۔ کشمیری مظاہرین نے "قاتل قاتل مودی قاتل” "جس کشمیر کو خون سے سینچا وہ کشمیر ہمارا ہے” "گو مودی گو بیک” کی زبردست نعرے بازی کی ۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے کشمیر دورے کے خلاف مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مودی ہزاروں کشمیری شہریوں کا قاتل اور ریاست جموں کشمیر کے تشخص پر حملہ آور سامراجی حکمران ہے آج کشمیری عوام نے دورے کو مکمل طور مسترد کردیا ہے۔ ایک نام نہاد جمہوری ملک کا وزیراعظم ہزاروں فوجیوں کے کڑے پہرے میں سرینگر کا دورہ کرکٹ خود کو کشمیر کا حکمران ثابت کرنے کی ناکام کوشش کررہا ہے۔ مقررین نے کہا کہ مودی کا کشمیر سرینگر دورے سے عوام کی دوری ، نفرت اور بیزاری دلی سرکار کے لیئے نشان عبرت ہے ۔ جموں کشمیر کے عوام نے بھارت کے تمام تر جبرواسبتداد ، سازشوں اور مکارانہ چالوں کے باوجود دلی کی حاکمیت کو مسترد کر دیا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ بھارت اور اس کے حکمران یہ بات یاد رکھیں کے جموں کشمیر میں اسکے خلاف جاری مزاحمت ہر صورت میں جاری رہے گی۔ مقررین نے کہا کہ بھارت کے اندر زرا بھی جمہوری یا اخلاقی جرات ہے تو جموں کشمیر میں اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی پاس شدہ قراردادوں کے مطابق آزادانہ ریفرنڈم کے لیئے سامنے آئے۔ مقررین نے کہا کہ کشمیری بھارت سے آزادی سے کم کسی چیز کو قبول نہیں کریں گے ۔ بھارت ظلم و استبداد سے تحریک آزادی کو ختم نہیں کرسکتا۔ نریندرا مودی کشمیر کا قاتل ہے دورہ کوئی معنی نہیں رکھتا ۔ آزاد کشمیر کے عوام بھارت کے خلاف مزاحمت میں کشمیری عوام کے ساتھ ہیں۔ نریندرا مودی کے کشمیر دورے کیخلاف مظاہرے سے نوجوان راہنماؤں فیصل فاروق ، لیاقت علی رانا ، محمد فیاض خان ، محمد ایمل فرزام ، ریاض اعوان اور تنویر احمد درانی نے بھی خطاب کیا ۔