اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):فرانس کی سوربون یونیورسٹی نے میانوالی ضلع کے دور آفتادہ گاؤں ناؤرنگا سے تعلق رکھنے والے ہونہار پاکستانی طالب علم محمد عمران سید کو ’’کمپیوٹر نیٹ ورکنگ” میں پی ایچ ڈی کی ڈگری سے نوازا ہے۔عمران سید کے والد، سید عقیل حسین شاہ، جو اسلام آباد میں فرانسیسی سفارت خانے کے پریس اتاشی ہیں، بھی یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں اپنے بیٹے کو ڈگری لیتے ہوئے دیکھنے والے سامعین میں شامل تھے۔عمران سید نے 5 ستمبر 2023 کو کامیابی کے ساتھ اپنے پی ایچ ڈی مقالے کا دفاع کیا۔بحریہ ہ یونیورسٹی اسلام آباد سے ٹیلی کام انجینئرنگ میں بی ایس سی حاصل کرنے کے بعد انہوں نے جی فور پر اپنے تحقیقی مقالے میں امتیاز کے ساتھ یونیورسٹی آف گلیمرگن، ویلز، برطانیہ سے موبائل اور سیٹلائٹ کمیونیکیشنز میں پہلی ایم ایس سی اور دوسری ایم ایس سی یورپی انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوج سے اسکالرشپ پر اسی شعبہ میں حاصل کی جس کے تحت انہوں نے ایک سال برلن میں اور دوسرا سال سوربون، فرانس میں گزارا۔پی ایچ ڈی کے تین سالوں کے دوران ان کے پانچ تحقیقی مقالے منظور ہوئے، کانفرنسوں میں پیش کیے گئے اور مختلف بین الاقوامی جرائد میں شائع ہوئے۔عمران سید میانوالی ضلع کے معروف ماہر تعلیم مرحوم ہیڈ ماسٹر عطا محمد شاہ کے پوتے ہیں۔