اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور سلطنت عمان کے سلطان ہیثم بن طارق نے امت مسلمہ کی صفوں میں امن اور اتحاد کے لیے دعا کی ہے۔ وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور سلطنت عمان کے سلطان ہیثم بن طارق کے درمیان ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی۔دونوں رہنماؤں کے درمیان عید الاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر مبارکباد اور نیک خواہشات کے اظہار کا تبادلہ ہوا۔وزیر اعظم نے عمان کے سلطان، حکومت عمان اور عمان کے عوام کو عید الاضحیٰ کی دلی مبارکباد پیش کی اور عمان کے سلطان اور عوام کی صحت اور خوشحالی کے حوالے سے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ عمان کے سلطان نے بھی وزیراعظم کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔دونوں رہنماؤں نے امت مسلمہ کی صفوں میں امن اور اتحاد کے لیے دعا بھی کی۔ بات چیت کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور عمان کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے مضبوط رشتے کا اعادہ کیا جو کہ مشترکہ اقدار اور باہمی احترام پر مبنی ہے۔ انہوں نے دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال بالخصوص فلسطین کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور خطے اور اس سے عالمی امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے عمان کے سلطان کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کے لیے اپنی دعوت کا اعادہ بھی کیا۔