اسلام آباد۔(اسپورٹس ڈیسک )آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں آئرلینڈ اور امریکہ کے درمیان اہم میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا ، پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کھیلنے والی امریکی ٹیم نے سپر ایٹ مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا جبکہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا ورلڈ کپ کا سفر پہلے رائونڈ میں ہی تمام ہوگیا ۔جمعہ کے روز لاڈرہل فلوریڈا میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا 30واں میچ میزبان امریکہ اور آئرلینڈ کے درمیان کھیلا جانا تھا تاہم بارش کی وجہ سے تاخیر کا شکار رہا اور ٹاس بھی ممکن نہ ہوسکا۔ مسلسل بارش کے باعث آئوٹ فیلڈ کھیلنے کے قابل نہیں تھی اس لئے طویل انتظار کرنا پڑا ، بعد ازاں میچ کو پانچ اوور تک محدود کردیا گیا تاہم ایک مرتبہ پھر بارش ہونے کے باعث میچ ریفری نے ایمپائرز کے مشورے کے بعد میچ کو منسوخ کردیا ۔اس طرح پاکستان کرکٹ ٹیم کا ورلڈ کپ کے اگلے مرحلے کے لئے کوالیفائی کرنے کا خواب ادھورا رہ گیا اور قومی ٹیم کا آئرلینڈ کے خلاف اتوار کو ہونے والا میچ رسمی کارروائی بن کر رہ گیا ہے۔ واضح رہے کہ گروپ اے میں بھارت 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلے ہی سپر ایٹ کیلئے کوالیفائی کر چکا ہے ۔