کوئٹہ۔(نمائندہ خصوصی ):وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بلوچستان پولیس کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں پولیس ایک مقدس پیشہ ہے جس میں اپنے فرائض منصبی سے انصاف ضروری ہے پولیس کے جوان اپنے طرز عمل سے عوام کے دلوں میں اپنا اعتماد بحال کریں اور بلوچستان کے عام آدمی کو گلے سے لگائیں بلوچستان پولیس کی 100ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے روسٹرم سے بلٹ پروف شیشے ہٹوا دیئے اور انہوں نے روسٹرم پر نصب بلٹ پروف شیشوں سے باہر کھڑے ہو کر خطاب کیا۔انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شامل جوانوں کے سمارٹ ٹرن آؤٹ اور تربیت کا اعلیٰ معیار باعث مسرت ہے ۔بلوچستان پولیس کٹھن حالات میں کام کر رہی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بلوچستان پولیس کے کئی بہادر افسران اور جوان شہید ہوئے ہیں ۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردوں کو ان کے بلوں سے نکال کر کے کیفر کردار تک پہنچائیں گے ۔دہشت گردی جس بھی شکل میں ہو وہ قابل مذمت ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردوں کو پڑوسی ملک کی ایجنسی ”را” کی معاونت حاصل ہے جنہوں نے اپنی مذموم کاروائیوں میں معصوم افراد اساتذہ اور بہت سارے بے گناہ افراد کو نشانہ بنایا ہےوزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف یہ لڑائی صرف ہماری فورسز کی نہیں بلکہ ہم سب کی ہے صوبائی حکومت دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف گیھرا تنگ کرکے انہیں انصاف کے کٹہرے میں لا کھڑا کرے گی اور ہم قانون کی قوت و ریاست کی طاقت اور اللہ تعالی کی نصرت سے دہشت گردی کو شکست دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر بلوچستان پولیس کو درپیش مسائل حل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے تربیت مکمل کرنے والی لیڈیز کانسٹیبلز اور نمایاں پوزیشن کی حامل کمپنی کے لیے پانچ پانچ لاکھ روپے کا اعلان بھی کیا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے کہا کہ امن و امان کی بحالی اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا انصاف کی پہلی سیڑھی ہے۔مجرموں کے خلاف جنگ میں اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی سے ادا کررہے ہیں صوبے میں پائیدار امن کا قیام موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے اس سلسلے میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تربیت و دیگر معاملات کی بہتری کیلئے کئی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ دہشتگردی اغوائ برائے تاوان اور دیگر جرائم کی روک تھام کیلئے پولیس نے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ بلوچستان پولیس کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے تاکہ دہشت گردی کے چیلنجز سے مزید بہتر انداز میں مقابلہ کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ پولیس ٹریننگ کالج کی ایک بہت ہی اہم تاریخ ہے1963سے قبل صوبہ بلوچستان میں پولیس کا کوئی تربیتی ادارہ موجود نہیں تھا اس سے پیشتر ریکروٹس سند ھ پنجاب اور دیگر صوبوں میں ٹریننگ کیلئے جاتے تھے لیکن اب بلوچستان کو پیشہ وارانہ تربیت کی مکمل مہارت حاصل ہے اس تربیتی عمل میں مزید بہتری لائی جا رہی ہے۔بین الاقوامی تعاون اور بلوچستان حکومت کی طرف سے خصوصی توجہ کے باعث آج اس کالج میں کئی تعمیراتی کام مکمل ہو چکے ہیں آئی جی پولیس نے اپر،انٹرمیڈیٹ،لوئر اورریکروٹس سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ یہ محض ایک زبانی حلف نہیں ہے بلکہ وعدہ ہے ایک بندھن ہے اور سب سے بڑھ کر ملک سے وفاداری اور عوام کی خدمت کا ارادہ اور اعادہ ہے آئی جی پولیس نے محدود وسائل کے باوجود اچھا انتظام کرنے پر کمانڈنٹ پی ٹی سی کو شا باش دی آئی جی پولیس بلوچستان نے وزیر اعلٰی بلوچستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ پولیس فورس کو سپورٹ کی ہےقبل ازیں وزیر اعلٰی بلوچستان نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا اور پوزیشن حاصل کرنے والے جوانوں کو شیلڈز دیں وزیر اعلٰی میر سرفراز بگٹی نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کی پروقار تقریب کے انعقاد پر آئی جی پولیس اور کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج کو خراج تحسین پیش کیا۔