لاہور۔:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایک دن میں دو بڑے اعلان کرتے ہوئے صنعتوں کے لئے بجلی کی قیمت میں 10روپے69 پیسے کی کمی کے بعد پٹرول کی قیمت میں 10 روپے 20 پیسے فی لیٹر کمی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 33 پیسے فی لیٹر کی کمی کا اعلان کیا ہے ۔وزیراعظم آفس پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صنعتوں کے لئے بجلی سستی کرنے کے بعد بڑی عید پر وزیراعظم نے عوام کے لئے بڑی عیدی دیتے ہوئے پٹرول کی قیمت میں 10 روپے 20 پیسے فی لیٹر کمی اور ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 33 پیسے فی لیٹر کی کمی کا اعلان کیا ۔قبل ازیں یکم جون کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 74 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 86 پیسے فی لیٹر کمی کی تھی ۔اب تک پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں مجموعی طور پر 35 روپے کا ریلیف عوام کو دیا جاچکا ہے۔ قبل ازیں وزیراعظم کی خصوصی کاوشوں سے صنعت اور برآمدات کے شعبے کے لئے بجلی کی قیمت34 روپے 99 پیسے فی یونٹ مقررکی گئی ۔