جموں:(مانیٹرنگ ڈیسک )غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیو ں نے ضلع ریاسی سے 50 سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے ریاسی کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر تلاشی کی کارروائیاں شروع کی ہیں ۔ان کارروائیوں کے دائرہ کار کو ضلع کے دور افتادہ علاقوں ارناس اور مہورتک پھیلا دیاگیا ہے۔یہ کارروائیاں ضلع ریاسی کے گائوں ٹیریاتھ میں ہندو یاتریوں کی بس گہری کھائی میں گرنے سے 9افرادکی ہلاکت اور 30سے زائد کے زخمی ہونے کے بعد شروع کی گئی ہیں ۔تلاشی کی کارروائیوں میں ضلع بھر سے 50 سے زائد افراد کو گرفتارکیاگیا ہے ۔بھارتی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے واقعے کی تفصیلی تحقیقات کیلئے ضلع میں تلاشی کی کارروائی شروع کی گئی ہے ۔واضح رہے کہ بھارتی حکام کے اس دعویٰ کے باوجود کہ نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ کے بعد بس کھائی گرگئی تھی تاہم یہ خیال کیا جاتا ہے کہ بس حملے میں بھارتی خفیہ ایجنسیاں ملوث ہیں۔