ماسکو:(مانیٹرنگ ڈیسک )بھارت میں شدید غربت اورروزگار کے فقدان کے باعث نوجوان انتہائی خطرناک حالات میں بیرون ملک روزگار تلاش کرنے پر مجبور ہیںجس کے افسوسناک نتائج برآمد ہورہے ہیں اوراس کی تازہ ترین مثال روسی فوج میں بھرتی ہونے والے مزید دو بھارتی شہریوں کی یوکرین جنگ میں ہلاکت ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ نے تازہ ترین اموات کی تصدیق کرتے ہوئے بھارتی شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ روس میں روزگار کے مواقع تلاش کرتے وقت احتیاط برتیں کیونکہ درجنوں ایجنٹ پرکشش ملازمتوں کا وعدہ کرکے نوجوانوں کو یوکرین جنگ میں دھکیل رہے ہیں۔یہ خطرناک رجحان غربت اور روزگار کے فقدان کے باعث بھارتی شہریوں کی مایوسی کی عکاسی کرتا ہے۔بھارتی حکومت کا انتباہ کہ ایسی ملازمتیں”خطرے سے خالی نہیں اوران میں جان کاخطرہ ہے ”بے کارثابت ہورہا ہے کیونکہ ملک کے معاشی حالات شہریوں کو خطرناک متبادل کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ دو بھارتی شہریوں کی موت نے اس بات کی طرف توجہ مبذول کرائی کہ بھارتی شہری غربت کی وجہ سے بیرون ملک خطرناک حالات میں روزگار تلاش کرنے پر مجبور ہیں۔ غزہ کے خلاف اسرائیل کی جنگ میں اب تک کئی بھارتی اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ غربت اور بیروزگاری کے مسئلے سے نمٹنے میں بھارتی حکومت کی ناکامی کی وجہ سے انسانی اسمگلر نوجوان بھارتیوںکو بیرون ملک بھیج رہے ہیں جس کی تصدیق بھارتی تحقیقاتی ادارے سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی)کی تحقیقات سے بھی ہوئی ہے۔ یہ واقعہ بھارتی شہریوں کے لیے روزگارکے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے اور ان کی مدد کرنے کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے تاکہ وہ روزی روٹی کمانے کے لیے خطرناک اور غیر قانونی طریقے تلاش کرنے پر مجبور نہ ہو جائیں۔ اس وقت تک غربت اور مایوسی کے اس چکر میں غریب نوجوانوں کی زندگیاں ضائع ہوتی رہیں گی۔