بیجنگ۔(نمائندہ خصوصی ):وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے حالیہ دورہ چین کے بعد پاکستان میں کام کرنے والی چینی کمپنیاں چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دوسرے مرحلے کے لیے بہتر مواقع کی توقع رکھتی ہیں۔ دنیا کی معروف چینی انجینئرنگ اور پاور کمپنیاں جیسا کہ سی ایم ای سی اور پاورچائنا پاکستان کا مقصد سرمایہ کاری کو بڑھانا اور مختلف شعبوں میں نئے منصوبے شروع کرنا ہے۔چینی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چائنہ مشینری انجینئرنگ کارپوریشن (سی ایم ای سی) پاکستان کے وائس جنرل منیجر ڈائی باو نے سی پیک کے دوسرے مرحلے کے دوران پاکستانی حکومت کے ساتھ تعاون میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے درمیان حالیہ اعلیٰ سطحی ملاقات کا اعتراف کیا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے ابتدائی مرحلے نے پاکستان کی قومی تقدیر کے لیے ایک مضبوط بنیاد رکھی اور مزید دو طرفہ تعاون کے لیے ایک اہم فریم ورک قائم کیا۔ یہ پیشرفت اگلے مراحل کی راہ ہموار کرتی ہے اور دونوں فریق سی پیک کے نئے مرحلے کا بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ چین نے تبدیلی کے اس مرحلے کے آغاز کا اشارہ دیا۔کمپنی کے سینئر نمائندے نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ دونوں قومیں تازہ کامیابیوں کا مشاہدہ کرنے اور مشترکہ کوریڈور کے نئے انداز کو اپنانے کی خواہش رکھتی ہیں۔ چین، اصلاحات اور کھلے پن کے ساتھ اپنے تجربے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے، پاکستان کی حمایت کا دوستانہ ہاتھ بڑھاتا ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ سی ایم ای سی 1981 سے پاکستان میں کام کرنے والی پہلی چینی سرکاری کمپنی بن گئی۔ ڈائی باؤ نے کہاکہ پاکستان کی ترقی کو قریب سے دیکھنے کے بعد، ہمیں یقین ہے کہ دونوں ممالک اس نئے باب سے فائدہ اٹھائیں گے۔ہماری کمپنی نے پچھلے پانچ سالوں میں اس لمحے کے لیے تندہی سے تیاری کی ہے، جس میں صنعت کاری، زرعی جدید کاری، تجارت، صحت کی دیکھ بھال، تعلیم، غربت کے خاتمے اور مزید شعبوں میں اشتراک کار کیلئے جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دونوں حکومتوں کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ، ہم اس سنگ میل کے منصوبے میں نمایاں تعاون کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے ساتھ اپنی حالیہ ملاقات کے دوران پاورچائنہ کے چیئرمین ڈنگ یان ژانگ نے یقین دلایا کہ ان کی کمپنی پاکستان میں ہائیڈرو پاور، جدید توانائی اور دیگر شعبوں میں فعال طور پر حصہ لینے کے لیے تیار ہے، جس سے مقامی توانائی کے ڈھانچے کو بہتر بنانے اور سبز ترقی کو فروغ دیا جائے گا۔ پاور کنسٹرکشن کارپوریشن آف چائنا پاکستان میں پانی، ہوا، شمسی اور کانوں کے وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے متعلقہ بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر مزید سرمایہ کاری، انجینئرنگ اور تعمیراتی مواقع تلاش کرے گی۔قبل ازیں کمپنی نےمتعدد بڑے منصوبے مکمل کیے ہیں جن میں پورٹ قاسم 2–660 میگاواٹ کوئلہ سے چلنے والا پاور پلانٹ، داؤد ونڈ پاور پروجیکٹ، حویلی بہادر شاہ 1,230 میگاواٹ کا کمبائنڈ سائیکل کول سے چلنے والا پاور پروجیکٹ، تربیلا چوتھا ایکسٹینشن ہائیڈرو پاور اسٹیشن (سول ورکس) جبکہ اس وقت سندھ میں کچھ شمسی اور ہوا سے بجلی کے منصوبے بشمول تربیلا 5 توسیعی ہائیڈرو پاور پراجیکٹ (سول ورکس) اور میگا پروجیکٹ دیامر بھاشا ڈیم سمیت متعدد منصوبے تعمیر کر رہے ہیں۔