کراچی (رپورٹ : مرزا افتخار بیگ )آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اسٹیج شو کمیٹی کے زیر اہتمام معروف اداکار ایاز خان کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے تقریب کا انعقاد جون ایلیاءلان میں کیا گیا ۔تقریب کے آغازمیں ایاز خان کی فنی زندگی پر شوریل پیش کی گئی ۔ تقریب میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ ، ایاز خان ، ڈاکٹر ہما میر،اقبال لطیف، سعاد ت علی جعفری ، شہزاد رضا نقوی ،امجد شاہ ،احمد ارسلان ،اصلاح الدین ، کاشف خان ، سلومی ، خالد ظفر ،بابر عباسی ، محمد علی شھکی ،علی گل ملاح ، علی رضا،ایوب کھوسو ، غزالی جاوید ، سلیم اقبال ، فیصل قاضی ، شرافت ،اقبال شاہ، سلیم جاوید، اور روف لالہ نے اظہار خیال کیا ۔ جبکہ تقریب کی نظامت کے فرائض نعمان خان نے انجام دئیے ۔تقریب میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے اظہا ر خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایاز خان نے ساری زندگی لوگوں کے چہرے پر خوشیاں بکھیری ہیں ۔ میں ایاز بھائی کو چالیس برس سے جانتا ہوں۔ ایازخان گورننگ باڈی کے رکن رہے ہیں۔اداکار ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ شریف آدمی یا مہذب نہ رہیں ۔ ایاز بھائی کی اداکاری میں لگتا نہیں ہے کہ یہ اداکاری ہے ۔ انہوں نے ہمیشہ سب سے محبت کی ہے ۔ہم میں سے کوئی بھی کسی دوسرے سیارے سے نہیں آیا ۔ آرٹس کونسل آرٹسٹوں کا ہے ۔انہوں نے بتا یا کہ پاکستان میں آرٹسٹوں کے لیے کوئی ادارہ نہیں تھا ۔جو بزرگ ہجرت کر کے آ ئے تھے انہوں نے یہ ادارہ بنایا ۔ زیڈ اے بخاری سمیت تمام بڑے لوگ یہاں آتے تھے ۔1999 سے آج تک جس نے اس ادارے کے لیے کام کیا میں اس کا احسان مند ہوں ۔ احمد شاہ نے مزید کہا کہ نفرت کو محبت سے ختم کیا جا سکتا ہے ۔مجھے اچھی باتیں سب یاد رہتی ہیں۔امجد شاہ نے کہا کہ احمد شاہ کی وجہ سے آرٹس کونسل میں یہ رونقیں لگی ہوئی ہیں ۔ادیب ، فنکار ، شاعرسب ایک چھت تلے جمع ہیں ۔ ایاز بھائی اسکرپٹ اور اسٹینڈاپ کامیڈی میں بھی نمبر ون ہیں ۔ انہوں نے اپنی کامیڈی میں تہذیب کا دامن کبھی نہیں چھوڑا۔ ڈاکٹر ہما میر نے کہا کہ شوریل دیکھ کر بہت اچھا لگا بہت ساری اچھی یادوں کو یک جا کیاگیا ہے۔ ایاز خان کے رگ رگ میں مزاح بھرا ہوا ہے ۔کہتے ہیں کہ لوگوں کو رلانا آسان ہے لیکن ہنسنا نامشکل ہے مگریہ مشکل کام ایاز خان با آسانی انجام دیا ہیں۔اسٹیج شو کمیٹی کے چئیر مین سعادت علی جعفری نے کہاکہ ایاز خان نے اپنی منفرد اداکاری سے لوگوں کے دل میں جگہ بنائی۔ایاز خان سے میرا تعلق پچاس سال پراناہے۔ ان کی خد مات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔آپ تمام لوگوں کا شکریہ جنہوں نے اس محفل کو سجانے میں میرا ساتھ دیا۔ معروف اداکار ایاز خان نے کہا کہ آرٹس کونسل نے آرٹسٹوں کو زندہ رکھنے کا بیڑا اٹھایا ہوا ہے۔ میں صدر آرٹس کونسل سمیت یہاں موجود تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے میری عزت افزائی کی۔ آرٹسٹ کی پہچان اس کے کردار سے ہوتی ہے.۔ آرٹس کونسل نے فنکاروں کو ان کی زندگی میں ہی ٹریبوٹ پیش کرنے کی ایک اچھی روایت ڈالی ہے ، جس پر میں صدر آرٹس کو نسل محمد احمد شاہ کا مشکور ہوں۔۔