اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی۔یہ ملاقات استنبول میں غزہ کی صورتحال پر ڈی 8 کے وزراء خارجہ کے غیر معمولی اجلاس کے اختتام پر اجتماعی طور پرہوئی۔ہفتہ کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق صدر رجب طیب اردوان کو وزارتی اجلاس کی کارروائی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے غزہ کی صورتحال پر ترکیہ کی جانب سے ڈی 8 وزراءخارجہ کے غیر معمولی
اجلاس کے انعقاد کے اقدام کو سراہا۔اسحاق ڈار نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے لئے صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی طرف سے خیرسگالی کا پیغام پہنچایا۔انہوں نے ترکیہ اور پاکستان کے مابین دو طرفہ تعلقات بڑھانے میں ذاتی دلچسپی لینے پر صدر اردوان کا شکریہ ادا کیا۔نائب وزیر اعظم نے ترکیہ کے صدر کو ساتویں اعلی سطح کے سٹریٹیجک کوآپریشن کونسل کے لئے جلد دورہ پاکستان کی دعوت دی۔