اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی چیئرپرسن روبینہ خالد نے جمعہ کو سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سپیکر سردار ایاز صادق نے روبینہ خالد کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن کا عہدہ سنبھالنے پر دلی مبارکباد دی۔روبینہ خالد نے سپیکر سردار ایاز صادق کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے جاری اور حال ہی میں شروع کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا ۔انہوں نے خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے کردار پر روشنی ڈالی اور اس پروگرام کے ذریعے معاشرے کے پسماندہ طبقات کی خدمت کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔بینظیر انکم سپورٹ پروگرام معاشرے کے غریب طبقہ کو مالی معاونت فراہم کرنے کے
لیے وقف ہے اور بالخصوص خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے پر توجہ مرکوز کر تا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پروگرام کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے روبینہ خالد کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام پسماندہ طبقات کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے بہت اہم ہے اور میں روبینہ خالد کی قیادت میں اس کی مسلسل کامیابی کی خواہش کرتا ہوں۔ بعد ازاں پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری انجینئر محمد ہمایوں خان نے روبینہ خالد سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ہیڈ کوارٹر میں ملاقات کی۔بات چیت میں خیبرپختونخوا میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونے والی خواتین کو درپیش مسائل خاص طور پر وظیفہ کی تقسیم اور ضروری سہولیات کی فراہمی سے متعلق شکایات پر توجہ مرکوز کی گئی ۔روبینہ خالد نے یقین دلایا کہ مستحقین کو درپیش تمام مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے گا، ہماری ترجیح اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ہر ضرورت مند خاتون کو بغیر کسی تاخیر کے وہ مدد ملے جس کی وہ مستحق ہے۔