کراچی( کامرس رپورٹر ) نیشنل بینک آف پاکستان ( این بی پی ) کے صدر رحمت علی حسنی نے چین کے شہر شینزن میں منعقد ہونے والی پاکستان چین بزنس کانفرس میں شرکت کی ۔ رحمت علی حسنی وزیراعظم شہباز شریف کے وفد میں شامل تھے جو منگل کو سرکاری دورے پر چین کے شہر شینزن پہنچا ۔ پاکستان چین کے ساتھ دوطرفہ تجارتی اور معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ بزنس ٹو بزنس ( بی ٹو بی )پراجیکٹس کے ذریعے چینی سرمایہ کاروں کو راغب کرنا چاہتا ہے۔کانفرنس نے پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے ایک پلیٹ فارم مہیا کیا ہے۔ جناب رحمت علی حسنی نے شینزن لوکل فنانشل سپرویژن ایڈمنسٹریشن کے ڈائریکٹر جنرل شی وی گان کے ساتھ ملاقات کی اور شینزن میں این بی پی کی برانچ قائم کرنے کیلئے ممکنہ مواقعوں اور شہری حکومت کی طرف سے مراعات سے کے حوالے سے بات چیت کی۔ این بی پی کے صدر نے چینی وزارت خزانہ اور سلک روڈ انٹرنیشنل انویسٹمنٹ مینجمنٹ کمپنی لمیٹڈ ( ایس آر آئی آئی ایف) کے نمائندوں کے ساتھ اشتراک کے ممکنہ مواقعوں کے بارے میں مفید اور تعمیری بات چیت کی ۔اس کے علاوہ جناب حسنی نے ہواوے ٹیکنالوجیز کے سی او او والیس لئی اور ہواوے پاکستان کے سی ای او ایتھن سن سے بھی ملاقاتیں کیں جس میں سمارٹ مصنوعات، مالیاتی حل اور خدمات پر اشتراک کیلئے تفصیلی بات چیت ہوئی۔ انہوں نے ہواوے ٹیکنالوجی سینٹر کا بھی دورہ کیا۔ حسنی نے چین اکنامک نیوز کے ساتھ ایک میڈیا انٹرویو میں شرکت کی اور پاکستان کے قومی ٹیلی ویژن نیٹ ورک پی ٹی وی کے ساتھ کانفرنس کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔انہوں نے کانفرنس کے بارے میں اپنی مثبت امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس سے دونوں ممالک کے لیے مواقعوں کا نیا باب کھل رہا ہے جو دونوں ممالک کی طرف سے ”کاروبار دوست ماحول کی فراہمی” کے ارادہ کا عکاس ہے ۔انہوں نے یقین دلایا کہ این بی پی اس اشتراک کے نتیجہ میں ہونے والے تمام کاروبار کیلئے بینکنگ کی زیادہ سے زیادہ سہولت دینے کیلئے پرعزم ہے۔