بیجنگ (نمائندہ خصوصی ):پاکستان اور چین کے درمیان سولر پینلز اور وائے ٹو او ٹریکرز تیار کرنے کے منصوبے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔پاکستان اور چین کے درمیان سولر پینلز کی تیاری کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ مزید برآں وائے ٹو او ٹریکرز تیار کرنے کے منصوبے کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔پاکستان کے حبیب رفیق لمیٹڈ اور بیجنگ گلوبل ہائیڈروجن انڈسٹریز کمپنی لمیٹڈ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے ۔پاکستان کے سرمایہ کاری بورڈ اور انسٹیٹیوٹ آف سٹرکچرل اکنامکس ، پیکنگ یونیورسٹی کے درمیان سی پیک کے فروغ کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کئے گئے۔