اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن روبینہ خالد نے جمعرات بل اینڈ میلنڈا گیٹس فائونڈیشن اور کارانداز کے نمائندگان کے ساتھ ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران روبینہ خالد نے مستحقین کو غربت سے نکالنے کے لیے سکل ڈویلپمنٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ روبینہ خالد نے کہا کہ ہم اپنے مستحقین کے لیے بہتر طرز زندگی چاہتے ہیں، ہمارا مقصد یہ ہے کہ وہ غربت سے نکلیں اور ملک کی معیشت میں فعال کردار ادا کریں۔بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سے مستفید ہونے والوں کے لیے ادائیگی کے طریقہ کار کو ڈیجیٹل بنانے میں تکنیکی مدد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے روبینہ خالد نے کہا کہ ہم رقم کی تقسیم کے عمل میں کم سے کم انسانی شمولیت کے ساتھ شفافیت کو یقینی بنانا چاہتے ہیں، ڈیجیٹلائزیشن کی طرف اس اقدام کا مقصد کارکردگی کو بڑھانا، دھوکہ دہی کے خطرے کو کم کرنا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ فائدہ اٹھانے والوں کو ان کی ادائیگیاں فوری اور محفوظ طریقے سے ملیں۔ڈپٹی ڈائریکٹر بل اینڈ میلنڈا گیٹس فائونڈیشن جیسن لیمب نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے اقدامات کو سراہتے ہوئے اسے ملک کا سب سے بڑا سماجی تحفظ پروگرام تسلیم کیا۔ انہوں نے فائونڈیشن کی مکمل حمایت کا اظہار کیا اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، بل اینڈ میلنڈا گیٹس فائونڈیشن اور کارانداز کے عہدیداروں کے درمیان مزید میٹنگز منعقد کرنے پر اتفاق کیا تاکہ تکنیکی طریقوں پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا جا سکے۔اجلاس میں بل اینڈ میلنڈا گیٹس فائونڈیشن کے کنٹری ہیڈ سید علی محمود، کارانداز کے سی ای او وقاص الحسن، عثمان کوکب خان اور ڈی ایف ایس کے سربراہ تیمور علی بھی موجود تھے۔ قبل ازیں ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) کی کنٹری ڈائریکٹر کوکو اوشیاما سے ایک ملاقات کے دوران روبینہ خالد نے پاکستان میں خواتین اور بچوں کی صحت اور غذائیت کو بہتر بنانے کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے غیر متزلزل عزم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہماری بنیادی توجہ خواتین اور بچوں کی صحت اور غذائیت پر ہے۔روبینہ خالد نے کہا کہ بینظیر نشوونما پروگرام کے ذریعے ہم سٹنٹنگ اور غذائیت کی کمی کے اہم مسائل کو فعال طور پر حل کر رہے ہیں، ایک صحت مند ماں ہی ایک صحت مند معاشرے کو جنم دے سکتی ہے۔ کوکو اوشیاما نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے موثر اقدامات کے لیے اس کی تعریف کی اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے صحت سے متعلق منصوبوں کی حمایت کے لیے ڈبلیو ایف پی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈبلیو ایف پی نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ساتھ مختلف منصوبوں پر تعاون کیا ہے اور ہم بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت صحت کے اقدامات کے لیے مکمل تعاون فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔اوشیاما نے کہا کہ انہوں نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی جانب سے غذائی قلت سے نمٹنے اور کمزور آبادی کے لیے غذائی تحفظ کو بڑھانے میں نمایاں پیش رفت کی تعریف کی۔